وزیراعظم کے 47 غیر ملکی دورے،20 کروڑ روپے سے زائد خرچ

Published On 04 January,2022 06:54 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے 47 غیر ملکی دوروں پر 20 کروڑ روپے سے زائد کے اخراجات آئے۔

سینٹ کے اجلاس میں وزیر اعظم کے 3 سالوں میں غیر ملکی دوروں کی تفصیلات ایوان میں پیش کی گئیں جس میں تحریری طور پر جواب جمع کرایا گیا کہ عمران خان نے سال 2018 میں 3 غیر ملکی دورے کئے، دوروں پر 4 کروڑ56 لاکھ 15 ہزار سے زائد کے اخراجات آئے ، وزیراعظم نے 2018 میں متحدہ عرب امارات ، چین اور ملائیشیا کے دورے کئے۔

تحریری جواب میں بتایا گیا کہ سال 2019 میں وزیراعظم نے 16 غیر ملکی دورے کئے ، غیر ملکی دوروں پر 11 کروڑ 69 لاکھ 11 ہزار سے زائد کے اخراجات ہوئے ، وزیر اعظم نے سال 2020 میں 4 غیر ملکی دورے کئے ، دوروں پر 1 کروڑ 36 لاکھ 37 ہزار سے زائد کا خرچہ ہوا۔

سینٹ اجلاس میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں مزید بتایا گیا کہ وزیر اعظم نے سال 2021 میں 5 غیر ملکی دورے کئے ، دوروں پر 2 کروڑ 76 لاکھ 2 ہزار روپے سے زائد کے اخراجات آئے ، وزیراعظم نے حلف اٹھانے سے اب تک 47 غیر ملکی دورے کئے جن پر 20 کروڑ 37 لاکھ 67 ہزار سے زائد کے کل اخراجات آئے۔
 

Advertisement