گوادرمیں سیلاب: پاک فوج کا ریسکیو آپریشن، نقصانات کا تخمینہ لگانے کا عمل جاری

Published On 07 January,2022 05:26 pm

راولپنڈی:(دنیا نیوز) پاک فوج ، نیوی اور ایف سی کے دستوں کا گوادر میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری جبکہ سیلاب سےمتاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ بھی لگایا جارہا ہے ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ 96 گھنٹوں سے بلوچستان کی ساحلی پٹی شدید بارشوں کی زد میں ہے، پاک فوج ، نیوی اور ایف سی کے دستوں کا گوادر میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ کلانچ اور سردشت میں خصوصی امدادی سرگرمیاں شروع کی جا رہی ہیں ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق متاثرین میں خیمے ، کمبل اورراشن ہیلی کاپٹر کے ذریعے پہنچائےگئے، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا تخمینہ لگانے کا عمل بھی جاری ہے جبکہ پاک فضائیہ کے سی ون تھرٹی طیاروں کے ذریعے پسنی میں امدادی سامان پہنچایاگیا ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کلانچ، سردشت اور سن سٹار کی وادیوں اور دور دراز دیہات میں ریلیف کی خصوصی کوششیں جاری ہیں، گوادر کے پرانے علاقوں سے بھی پانی نکالنے کا عمل جاری ہے، آرمی ، ایف سی اور پاکستان کوسٹ گارڈ کی طرف سے متاثرین کے لئے میڈیکل کیمپس قائم کئے گئے ہیں جبکہ گوادر اولڈ ٹاؤن بھی پانی نکالنے کے آپریشن کا مرکز رہا ہے اورمتاثرہ علاقوں سے سیلابی پانی کو نکالنے پر توجہ دی جا رہی ہے ۔