اسلام آباد:(دنیا نیوز) کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث اسلام آباد کے 9 سرکاری تعلیمی اداروں کو فوری طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔
اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں کورونا کا پھیلاؤ تیزی کے ساتھ جاری ہے ، وفاقی دارالحکومت میں مزید 9 سرکاری تعلیمی اداروں میں کورونا کے 21 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد کورونا مثبت کیسز والے تعلیمی اداروں کو فوری بند کرنے کے لیے ڈی ایچ او نے انتظامیہ کو مراسلہ جاری کردیا ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی جانب سے جاری کردہ مراسلہ کے مطابق کورونا کیس رپورٹ ہونے والے تعلیمی اداروں کو فوری بند کیاجائے ، تعلیمی اداروں کو آئندہ احکامات تک بند رکھا جائے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ 4 روز میں 19 سرکاری تعلیمی اداروں میں کورونا کے 49 کیس رپورٹ ہوئے۔
این سی او سی: تعلیمی اداروں کو ہفتے میں 3 دن کرنے کی تجویز
ملک بھر میں کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومی کرون کے کیسز میں اضافے کے بعد تعلیمی اداروں کو ہفتے میں 3 دن کرنے کی تجویز سامنے آگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی ) کا دوسرا اہم اجلاس ہوا جس میں تعلیمی اداروں کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ اجلاس میں نئی بندشوں کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر غورآئیں۔
اجلاس میں تعلیمی اداروں کو ہفتے میں 3 دن کرنے اور اسلام آباد میں 7 روز کے لیے سکولز کو آن لائن کرنے کی بھی تجویز زیر غور آئی۔
ذرائع کے مطابق این سی او سی اجلاس میں تعلیمی اداروں میں جاری ٹیسٹنگ پر بریفنگ دی گئی ، ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے والے تعلیمی اداروں کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ تعلیمی اداروں میں سٹوڈنٹس و ٹیچرز کی لازمی ویکسینیشن کے لیے اقدامات پر زور دیا گیا ۔
ملک میں کورونا کا پھیلاؤ تیز، 24 گھنٹوں میں مثبت کیسز کی شرح 9.45 فیصد ریکارڈ
ملک میں کورونا کے پھیلاؤ نے پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی، چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح نو اعشاریہ چار پانچ فیصد ریکارڈ ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 10 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 29 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 33 ہزار 521 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 34 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 54 ہزار 372، سندھ میں 5 لاکھ 5 ہزار 930، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 82 ہزار 419، بلوچستان میں 33 ہزار 729، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 446، اسلام آباد میں ایک لاکھ 11 ہزار 855 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 770 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 42 لاکھ 39 ہزار 761 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 53 ہزار 253 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 12 لاکھ 64 ہزار 611 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 827 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 10 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 29 ہزار 29 ہوگئی۔ پنجاب میں 13 ہزار 91، سندھ میں 7 ہزار 703، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 953، اسلام آباد میں 969، بلوچستان میں 367، گلگت بلتستان میں 187 اور آزاد کشمیر میں 749 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔