ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے مولانا فضل الرحمن کے جلسے کو روکنے کی ہدایت کر دی

Published On 04 February,2022 05:31 pm

ڈی آئی خان: (دنیا نیوز) جمعیت علما اسلام کے لیے ایک اور دھچکا ہے، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر نے مولانا فضل الرحمن کے جلسے روکنے کی ہدایات جاری کر دیں

الیکشن کے ضابطہ اخلاق کے پیرا 30 کے مطابق لوکل گورنمنٹ الیکشنز کے انعقاد میں جلسہ عام یا ریلی کی اجازت نہیں ہے۔

جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کل 5 فروری کو اسلام آباد سے ڈیرہ اسماعیل خان تشریف لا رہے ہیں اور ریلی کی شکل میں ان کا استقبال کیا جانا تھا جہاں یارک کے مقام پر مولانا فضل الرحمن نے جلسہ عام سے خطاب کرنا تھا اسی طرح 7 فروری کو بیساکھی گرائونڈ میں جے یو آئی کا جلسہ شیڈول تھا جسے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر حیات اللہ جان نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اور ڈی پی او ڈیرہ کو جلسہ عام روکنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

اس وقت جے یو آئی اور پی ٹی آئی دونوں پارٹیز تحصیل میئر ڈیرہ کی سیٹ کے لیے اپنے امیدواروں کی انتخابی مہم زور و شور سے چلانے میں سرگرم ہیں۔
 

Advertisement