'حق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے'

Published On 05 February,2022 09:10 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان جموں و کشمیر پر اپنے اصولی موقف پر قائم ہے، حق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے، کشمیری ناجائز بھارتی قبضے کے خلاف جرات مندانہ جدوجہد میں ضرور سرخرو ہوں گے۔

صدر مملکت عارف علوی نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے، مسئلہ کشمیر سے متعلق فیصلہ کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق ہوگا، مسئلہ کشمیر کا حتمی فیصلہ غیر جانبدارانہ استصواب رائے سے کیا جائے گا، مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر سب سے پرانے مسائل میں سے ایک ہے، بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوسکا۔

عارف علوی کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام 7 دہائیوں سے ظلم کیخلاف برسر پیکار ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کر رہا ہے، بھارت ماورائے عدالت قتل اور جعلی مقابلوں میں ملوث ہے، 9 لاکھ سے زائد قابض بھارتی افواج نے مقبوضہ وادی کو جیل میں بدل دیا، آر ایس ایس اور بی جے پی کی تحریک آزادی کنٹرول کرنے کی کوشش ناکام رہی، 5 اگست 2019 کے بھارتی غیر قانونی اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، کشمیر میں بھارتی اقدامات سے خطے میں امن کوششوں کو نقصان پہنچا، بھارتی اقدامات سے جنوبی ایشیا اور دنیا میں سنگین اثرات مرتب ہوں گے، عالمی برادری مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کا محاسبہ کرے۔
 

Advertisement