برسلز: (دنیا نیوز) برسلز میں کشمیر ڈے پر کار ریلی نکالی گئی۔ پاکستانی اور کشمیریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے کشمیریوں پر بھارتی ظلم کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں پر مظالم رکوائے جائیں، کشمیریوں کو آزادی کا حق دیا جائے۔
برسلز میں ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ اور پشتون آرگنائزیشن نے کار ریلی نکالی جس میں کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ مظاہرین نے گاڑیوں پر کشمیر اور پاکستان کے جھنڈے لگا رکھے تھے۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیریوں کے حقوق پامال کر رہا ہے، کشمیر کو نو گو ایریا بنا دیا گیا، عالمی برادری کشمیریوں کو ان کے حقوق دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کا بھیانک چہرہ بےنقاب کریں گے، کشمیری عوام کی آزادی تک ہر سطح پر بھارت کے ظلم و ستم کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔