فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ناقص کارکردگی، مختلف علاقوں میں گندگی کے ڈھیر

Published On 25 February,2022 11:20 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ناقص کارکردگی کے باعث ماہ صفائی مہم کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں گندگی کے ڈھیروں نے کمپنی کی کارکردگی کا پول کھول دیا۔

فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ناقص کارکردگی کے باعث کچرے کے ڈھیر لگ چکے ہیں، شہری علاقوں میں موجود کچرا شہر کی خوبصورتی کو گہنا رہا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر کے دورے بھی کسی کام نہ آ سکے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ صفائی کا عملہ شاذو و نادر ہی نظر ہی آتا ہے، لوگ اپنی مدد آپ کے تحت صفائی کرواتے ہیں۔

مدینہ ٹاون اور رسول پارک کے علاقوں میں کچرے اور گوبر کے ڈھیر سے تعفن اٹھ رہا ہے، جس نے شہریوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔ چیف ایگزیکٹیو ویسٹ منجیمنٹ کمپنی کا کہنا ہے کہ روزانہ منتخب شدہ یونین کونسلز کی صفائی کروائی جاتی ہے، جلد مکمل شہر صاف کرلیا جائے گا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ماہ صفائی کے دوران ہی اگر شہر کا کچرہ ٹھکانے لگا دیا جاتا اور شاہراہوں، گلی اور محلوں کی باقاعدہ صفائی کر دی جاتی تو صورتحال کسی حد تک بہتر ہوتی لیکن ماہ صفائی مہم برائے نام رہی۔

شہر کے مختلف مقامات پر موجود کچرے کے ڈھیروں نے ایف ڈبلیو ایم سی کی کارکردگی کا پول کھول دیا مگر فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ہے کہ سب اچھا کا روایتی راگ الاپ رہی ہے۔
 

Advertisement