اسلام آباد:(دنیا نیوز) موجودہ سیاسی صورتحال اور تحریک عدم اعتماد کے آنے کے بعد اپوزیشن کے 8 اراکین نے حکومت کا ساتھ دینے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اپوزیشن کے 8 اراکین نے وفاقی وزراء سے ملاقاتیں کی، 6 اراکین اسمبلی نے گزشتہ روز وزراء سے ملاقات کی جبکہ 2 اراکین اسمبلی کی آج وفاقی وزراء سے ملاقات ہوئی ہے۔
اس حوالے سے ذرائع نے مزید بتایا کہ اپوزیشن کے اراکین نے ملاقات میں عدم اعتماد تحریک میں حزب اختلاف کا ساتھ نہ دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کے 10 سے 15 ارکان وزیراعظم کو ووٹ دیں گے، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف ناکامی کی طرح اس بار بھی پی ڈی ایم کو منہ کی کھانا پڑے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے ناراض ارکان سے رابطوں کا ٹاسک دیا ہے، علیم خان سمیت پارٹی کے اہم رہنماؤں سے مثبت گفتگو ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ اپوزیشن نے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کے لئے ریکوزیشن جمع کرادی ہے۔