مائنس بزدار سے ہی بات آگے بڑھے گی: ترین گروپ کا باضابطہ فیصلہ

Published On 08 March,2022 06:45 pm

لاہور:( دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف میں بننے والے جہانگیر ترین گروپ نے باضابطہ فیصلہ کیا ہے کہ عثمان بزدار قبول نہیں اور مائنس بزدار سے ہی بات آگے بڑھے گی۔

جہانگیر ترین گروپ کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں نعمان لنگڑیال، عون چودھری اور اجمل چیمہ سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترین گروپ کے رکن نعمان لنگڑیال نے کہا کہ ہم نے تمام فیصلوں کا اختیار جہانگیر ترین کو دیا ہے، مختلف پارٹیوں کے ساتھ ہمارے روابط جاری ہیں، کل بھی ہمارا بڑا اہم اجلاس ہوگا اور موجودہ حالات کے حوالے سے لائحہ عمل بنائیں گے۔

نعمان لنگڑیال نے مزید کہا کہ جہانگیر ترین گروپ ایک بے لوث گروپ ہے، یہ ایک بہت مضبوط اتحاد ہے، تمام ممبران جہانگیر ترین کے فیصلوں پرآمین کہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ علیم خان نے کل ہمارے گروپ کوجوائن کیا ہے اور ہم نے ان کو بھی بتایا ہے کہ وہ بھی ترین کے فیصلوں کے پابند ہونگے، وزیراعلیٰ کے نام بارے بتانا قبل از وقت ہوگا، جہانگیر ترین کے منہ سے جو بھی نام نکلے گا اس پر کوئی اختلاف نہیں ہوگا،ہم لوگ کوئی بغاوت نہیں کر رہے بلکہ پی ٹی آئی اور صوبے کے لیے اچھا سوچ رہے ہیں۔

یاد رہے کہ اجلاس سے قبل وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کا جہانگیر ترین گروپ کے رہنما عون چودھری سے رابطہ ہوا تھا ، عون چودھری نے بتایا تھا کہ اجلاس کے بعد صورتحال سے آگاہ کریں گے۔
 

Advertisement