عمران خان مذہب کارڈ استعمال کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں:بلاول

Published On 28 March,2022 06:15 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان مذہب کارڈ استعمال کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں،مذہب کارڈ استعمال نہیں کرنا چاہیے، خان صاحب کی مدینہ کی ریاست اخلاقیات پر مبنی نہیں، سیاست میں مذہب کو نتھی نہیں کرنا چاہیے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اتنا بزدل ہے کہ ہمارا مقابلہ کرنے کو تیار نہیں ہے، عدم اعتماد پیش ہونے پر پورے پاکستان کو مبارکباد دیتا ہوں، آخرکار تحریک عدم اعتماد کا پراسس شروع ہوچکا ہے، خان صاحب بچ نہیں سکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب کوئی کارڈ نہیں صرف عوام کی مرضی چلے گی، حکومتی ترجمانوں کی باتوں پر توجہ نہ دیں یہ لوگ جا رہے ہیں، خان صاحب کے بچنے کا کوئی راستہ نہیں ہے، وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد پر ہمارا فوکس ہے، عدم اعتماد مکمل ہونے پر صوبوں کی طرف توجہ دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سمیت کراچی کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے، پرویزالٰہی کا جو بھی فیصلہ ہوگا وہ قوم کے سامنے لائیں گے، ہماری گنتی پوری ہے اب پلس میں جا رہے ہیں۔
 

Advertisement