کراچی: (محمد ارشد) وفاقی وزیر آئی ٹی اور رہنما ایم کیو ایم امین الحق نے کہا ہے کہ متحدہ نے حکومت اور اپوزیشن سے بات چیت مکمل کر لی،کس کا ساتھ دینا ہے اگلے 36 گھنٹوں میں فیصلہ کرلیں گے۔
متحدہ رہنما امین الحق کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سے بلدیاتی نظام معاہدے کے ڈرافٹ میں مزید تبدیلی چاہتے ہیں، ہم نے حکومت سے کوئی نیا مطالبہ نہیں کیا،حکومتی وفد سے ترقیاتی فنڈز کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا،لاپتہ کارکنان کی بازیابی اور بند دفاتر کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ عدم اعتماد کے معاملے پر حکومت کی جانب سے پرانے دوستوں کو منانے کی کوششیں جاری ہیں، حکومتی ٹیم نے ترین گروپ سے رابطہ کیا ہے۔ وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیر اطلاعات فواد چودھری نے عون چودھری سے فون پر رابطے میں کہا کہ ترین گروپ حکومتی فیصلوں کو سپورٹ کرے، مزید کہا گیا کہ اہم وزارتیں بھی دیں گے، دیگر تحفظات کو بھی فوری طور پر دور کیا جائے گا۔