اسلام آباد:(دنیا نیوز) سرحد پار سے دہشتگردوں کے حملے، افغان ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، پاکستان نے 14 اپریل کو چوکیوں پر بلا اشتعال فائرنگ کے واقعہ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے سرحدی علاقوں میں سکیورٹی صورتحال مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے افغان ناظم الامور سے 14 اپریل کو چترال میں پاکستانی فوجی چوکیوں پر بلا اشتعال توپ خانے سے گولہ باری پر احتجاج کیا گیا، فائرنگ وقفے وقفے سے 5-6 گھنٹے تک جاری رہی، جس میں افغان طرف سے 35 آرٹلری راؤنڈز فائر کئے گئے، پاک فوج کی جانب سے افغان جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا۔
پاکستان نے افغان ناظم الامور سے افغان سرزمین پاکستان کے اندر دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے استعمال کرنے پر بھی احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ افغان حکومت پاک افغان سرحدی علاقے کو محفوظ بنانے اور سرحدی رابطوں کو موثر بنائے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ بارہا درخواستوں کے باوجود، افغان بارڈر سکیورٹی فورسز کی طرف سے اشتعال انگیزی بڑھ رہی ہے، افغان اشتعال انگیزی انتہائی تشویشناک اور باہمی تعاون کی روح کے خلاف ہے، پاکستان سرحد پار فائرنگ کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتا ہے، توقع ہے کہ فائرنگ کرنیوالوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔