راولپنڈی:(دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا، سی ایم ایچ میں میجر حارث عزیز کی عیادت بھی کی، سپہ سالار نے کہا کہ فوج اپنی طاقت عوام سے لیتی ہے، خلیج پیدا کرنے کی کوئی بھی کوشش برداشت نہیں کریں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز نے لاہور گیریژن کے دورہ کے دوران آرمی چیف کا استقبال کیا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے سی ایم ایچ لاہور کا دورہ کیا، لاہور میں حالیہ واقعہ میں نشانہ بننے والے میجر حارث کی عیادت کی اور کہا کہ قانون اپنا راستہ بنائے گا، واقعے کے ذمہ داران گرفتار کر لیے گئے، واقعے میں انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے گیریژن آفیسرز اور سابق فوجیوں سے الگ الگ ملاقات کرتے ہوئے لاہور کور کی پیشہ ورانہ تیاریوں اور معیار کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ غلط معلومات اور پروپیگنڈے سے ریاست میں یکجہتی کو خطرات لاحق ہوتے ہیں، قیاس آرائیوں اور افواہوں کا موثرمقابلہ کرنے کیلئے بروقت اور متحد ردعمل کی ضرورت ہے، فوج اپنی طاقت عوام سے لیتی ہے، فوج اورعوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوئی بھی کوشش برداشت نہیں کریں گے، دشمن قوتیں طویل عرصے سے انتشار پیدا کرنے کیلئے سرگرم ہے، دشمن قوتوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔