اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہبازشریف نے متحدہ عرب امارات کی قیادت کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے شراکت کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفیرحماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ،اماراتی سفیر نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو وزارتِ عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات کے سفیر کا شکریہ ادا کیا اور مختلف شعبوں میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا۔ وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات کی قیادت کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کے ساتھ مل کر اس اہم شراکت کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے 50 سال کے قلیل عرصہ میں متحدہ عرب امرات کی متاثر کن تبدیلی پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کے وژن کی تعریف کی۔ وزیر اعظم نے دوطرفہ تعلقات کی معاشی جہتوں کو آگے بڑھانے ، مستحکم تجارت ، سرمایہ کاری ، توانائی ، انفراسٹرکچر ، فوڈ سکیورٹی اور روزگار کی فراہمی پر توجہ دینے کے لئے اپنی حکومت کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مشترکہ تاریخ و عقیدے اور جغرافیائی قربت کی جڑوں سے مضبوطی سے منسلک تعلقات کا ذکر بھی کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اماراتی اور پاکستانی عوام کے براہِ راست رابطے ان تعلقات کو مزید تقویت بخشتے ہیں۔ وزیر اعظم نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں سمندر پار پاکستانیوں کے اہم کردار کا بھی اعتراف کیا جو دونوں ممالک کے مابین مضبوط پل کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دہائیوں کے برادرانہ تعلقات باہمی تعاون کی بنیاد پر قائم ہیں۔ اعلی سطح کے روابط دوطرفہ تعاون میں مزید استحکام کا باعث بنتے ہیں۔