فارن فنڈنگ کیس سماعت کیلئے مقرر، پی ٹی آئی کا 26 اپریل کو احتجاج کا اعلان

Published On 24 April,2022 09:15 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس سماعت کے لئے مقرر کر دیا جبکہ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے 26 اپریل کو ملک بھر میں الیکشن کمیشن دفاتر کے باہر احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی 27 سے 29 اپریل تک سماعت ہوگی، چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن سماعت کریگا۔

اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ پی ٹی آئی وکیل انور منصور سکروٹنی کمیٹی رپورٹ پر دلائل دینگے۔ 

پی ٹی آئی کا 26 اپریل کو ملک بھر میں الیکشن کمیشن دفاتر کے باہر احتجاج کا اعلان

 پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 26 اپریل کو ملک بھر میں الیکشن کمیشن دفاتر کے باہر احتجاج کا اعلان کردیا ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ آج تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں الیکشن کمیشن کے معاملات کا جائزہ لیا گیا، چیف الیکشن کمشنر نے جانبداری اور بد دیانتی کی انتہا کر دی ہے۔

اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ منصوبے کے تحت ابھی تک منحرف اراکین کی اسمبلی سیٹ ختم کرنے کی ڈیکلریشن نہیں کی جا رہی، لہٰذا تحریک انصاف 26 اپریل بروز منگل پورے ملک میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کے سامنے الیکشن کمشنر کے روئیے کیخلاف احتجاج کرے گی، تحریک انصاف کی تمام ضلعی تنظیموں کو اس سلسلے میں ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔

Advertisement