اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم ممالک کے سفیروں کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا اور اس موقع پر کہا کہ غربت کے خاتمے کیلئے مشترکہ کاوشیں کرنا ہوں گی، مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں مظالم ڈھائے جارہے ہیں، افغانستان میں امن خطے کے استحکام کیلئے ناگزیر ہے، امہ کو یورپی یونین کی طرز پر متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم ملکوں کے سفیروں کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا، خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم ملکوں کے سفیروں کے اعزاز میں افطار ڈنر باعث مسرت ہے، ماہ مقدس مسلم امہ کے لیے رحمتوں اور برکتوں کے نزول کا باعث ہے، برادر مسلم ملکوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں، مسلم ملکوں میں غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے مشترکہ کاوشیں کرنا ہونگی، ہم مل کرغربت اور بے روزگاری کا خاتمہ کر سکتے ہیں، ہمیں یورپی یونین کی طرز پرمتحد ہونے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم امہ میں اخوت، بھائی چارے اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، اجتماعی دانش کو بروئے کار لا کر مسلم ملکوں میں غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے، ترقی اور عالمی امن کے لیے مسلمان ملکوں کو عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا، قدرتی وسائل سے مالا مال برادر اسلامی ملک ترقی پذیر ملکوں کی مدد کریں، مسلم امہ کے حقوق کے لیے او آئی سی کو مزید موثر اور متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے سلامتی کونسل کی متعدد قراردادیں موجود ہیں، قراردادوں میں کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیا گیا ہے، نہرو نے بھارتی پارلیمان میں کھڑے ہو کر کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا وعدہ کیا تھا، افغانستان میں امن خطے کے امن واستحکام کے لیے ناگزیر ہے۔
سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں: وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب عوامی سطح پر اسلامی بھائی چارے کے لازوال رشتے میں بندھے ہیں، ریاض کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت آنے والے سعودی عرب دورے کی تیاری کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔
اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی، وزیر برائے سمندر پار پاکستانی ساجد حسین طوری، وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر، طارق فاطمی اور اعلیٰ متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ ان دیرینہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ان تعلقات کو خاص طور پر روزگار، توانائی، فوڈ سکیورٹی اور طویل المدتی سٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے موثر سفارشات مرتب کریں۔
خیال رہے کہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے، دورہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان پہلے سے موجود دو طرفہ سٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں سنگ میل ثابت ہو گا۔
نواز شریف کی حکومت نے 5 سال کی بدترین لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کی حکومت نے 5 سال کی بدترین لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے نہ بروقت ایندھن خریدا اور نہ ہی پاور پلانٹس کی مرمت کی، ناکارہ پلانٹس کے ذریعے مہنگی بجلی پیدا کرنے سے عوام کو ماہانہ 100 ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے، پی ٹی آئی کی حکومت نے بجلی گھروں کی مناسب مرمت بھی نہیں کروائی، اس صورتحال کے باعث اب لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔