وفاقی کابینہ میں مزید توسیع، مصدق ملک نے وزیر مملکت کا حلف اٹھا لیا

Published On 28 April,2022 07:21 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ میں مزید توسیع کردی، سینیٹر مصدق ملک کو وزیر مملکت پٹرولیم اور امیر مقام کو مشیر برائے پولیٹیکل اور پبلک افیئرز تعینات کر دیا گیا ہے۔

صدر مملکت نے وزیر اعظم کی ایڈوائس پر سینیٹر مصدق ملک کو وزیر مملکت تعینات کردیا ہے اور مصدق ملک کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا- بطور وزیر مملکت تعیناتی کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے مصدق ملک کو پیٹرولیم کا قلمدان سونپ دیا، ن لیگ کے رہنما امیر مقام کو مشیر برائے پولیٹیکل اورپبلک افئیرز تعینات کردیاگیا ہے، امیرمقام کی تعیناتی کا اطلاق 19 اپریل سے ہوگا اورعہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا۔

وزیر اعظم نے خیبر پختونخوا کی حد تک امیر مقام کو دیگر اضافی ذمہ داریاں بھی سونپی ہیں، امیر مقام کو پاور، پیٹرولیم ڈویژنز کے امور کی کوآرڈینیشن، مانیٹرنگ اور نگرانی کی اضافی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے، امیگریشن، پاسپورٹس، نادرا کے محکموں کے امور کی اضافی زمہ داری بھی امیر مقام کو سونپی گئی ہے۔

انجینئر امیر مقام کا دفتر وزیر اعظم آفس میں ہوگا، ان کو پشاور میں ایک سب آفس کے قیام کی بھی اجازت ہوگی۔
 

Advertisement