اسلام آباد:(دنیا نیوز) مسجد نبوی ﷺ واقعہ کے بعد مقامی حکام کی جانب سے ایکشن لیتے ہوئے بے حرمتی کے مرتکب متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جس کی تصدیق اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے نے کردی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز مسجد نبوی ﷺ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں مسجد کے تقدس کو پامال کیا گیا اور کچھ افراد کی جانب سے نعرے بازی کی گئی۔
اس واقعہ کے بعد سوشل میڈیا سمیت سماجی، سیاسی اور ہر طبقہ فکر کی جانب سے شدید مذمت کی جارہی ہے اور سعودی حکام سے کارروائی کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
مسجد نبوی ﷺ میں پیش آئے افسوسناک واقعے پر اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
روضہ رسول ﷺ کی بے حرمتی: حکومت کا سعودیہ سے مناسب کارروائی کا مطالبہ
روضہ رسول ﷺ کی بے حرمتی پر وفاقی حکومت نے شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی حکومت سے مناسب کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے قمر زمان کائرہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شاہ زین بگٹی پر حملہ اور مریم اورنگزیب کو ہراساں کیا گیا، واقعہ اچانک نہیں ہوا، یہاں سے منصوبہ بندی کی گئی، عمران خان لوگوں کو تنگ کرنے کا راستہ دکھا رہے ہیں، شیخ رشید کو بھی سبق سکھایا جا سکتا ہے، جو کرنا ہے کریں لیکن اپنی حد میں رہیں۔
رانا ثناء اللہ کا کنا تھا کہ قابل احترام مقام پر غیر شائستہ جملے بولے گئے، اس طرح کے واقعات افسوسناک ہیں، پوری قوم نے کل کے واقعہ پر دکھ اور کرب محسوس کیا، آپ نے پونے 4 سال بہت امتحان لیا ہے، ہم نے گھروں سے نکل کر آپ کے مقدمات کا سامنا کیا ہے، 100 یا 200 بندوں کو اکٹھا کرنا کسی جماعت کیلئے مشکل نہیں ہے، آپ نے سزائے موت کے جھوٹے کیسز بنائے تاکہ ہم پارٹی سے پیچھے ہٹ جائیں، مجھ پر بے پناہ دباؤ ہے مگر کارکنان کو روک رکھا ہے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آج بڑے بھاری دل سے مخاطب ہیں، خان صاحب اور کتنی تقسیم چاہتے ہیں ؟ عمران خان کی سیاست جمہوری نہیں ہے، کیا دیواریں کھڑی کرنے سے ملک کی کوئی بہتری ہوسکتی ہے ؟ عمران خان کتنی نفرت چاہتے ہیں ؟ قوم کو دیکھنا ہوگا کہ خان صاحب کیا چاہتے ہیں، میں دھمکیاں دوں تو کیا اس سے کوئی بہتری ہو جائے گی ؟ جب تک لوگ آپ کیساتھ تھے تو بڑے اچھے تھے، ہم تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔