پی ٹی آئی ورکرز کا چاند رات پر احتجاج، عمران خان سے یکجہتی کا اظہار

Published On 02 May,2022 10:41 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پی ٹی آئی ورکرز کا چاند رات پر لاہور، اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں احتجاج، حکومت کی تبدیلی کے خلاف نعرے بازی کی اور عمران خان سے اظہار یکجہتی کیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے کارکن لاہور کے لبرٹی چوک پہنچے، کارکنان چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے اظہار یکجہتی کیلئے جمع ہوئے جبکہ پی ٹی آئی کے رہنما بھی لبرٹی گول چکر پر گئے۔

کراچی تین تلوار پر بھی تحریک انصاف کے کارکن عمران خان کی کال پر جمع ہوئے اور حکومت کیخلاف نعرے بازی کرتے رہے۔

عمران خان کی کال پر فیصل آباد میں ریلیاں نکلیں، سابق ایم پی اے میاں وارث عزیز اور سابق ایم پی اے لطیف نذر گجر کی جانب سے ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی کے شرکاء نے پی ٹی آئی کے حق میں نعرے بازی کی۔

اسلام آباد میں بھی سابق وزیر اعظم عمران خان کی کال پر تحریک انصاف کی ریلیاں نکلیں، کارکنوں کی بڑی تعداد پارٹی پرچم اٹھائے سڑکوں پر نکلی، زیرو پوائنٹ اور آبپارہ میں کارکنوں کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا۔

خیال رہے کہ عمران خان نے مئی کے آخری ہفتے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔
 

Advertisement