آرمی چیف کی فوجی جوانوں کیساتھ عید، اہلیہ کے ہمراہ شہدا کے گھر بھی گئے

Published On 03 May,2022 09:26 pm

راولپنڈی:(دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر کوٹلی سیکٹر کا دورہ کیا، سپہ سالار نے فوجی جوانوں کے ساتھ عید منائی، پاکستان کی سلامتی، امن اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئی جبکہ سپہ سالار اہلیہ کے ہمراہ شہید کیپٹن سعد بن امین اور محمد کاشف کے گھر بھی گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ شہداء کے گھر گئے، کیپٹن کاشف شہید اور کیپٹن محمد سعد بن امین شہید کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور شہدا کے اہلخانہ کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار نے کہا کہ شہدا نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے مادر وطن کا دفاع یقینی بنایا، پاک فوج اورقوم کیلئے ہمارےشہداء قابل تقلید ہیں، ہم اپنے ہیروز کو ہمیشہ یاد رکھتے ہیں، پوری قوم ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیوں کے مقروض ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا کے اہلخانہ نےعید کے روز گھر آنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ 

آرمی چیف کا لائن آف کنٹرول پر کوٹلی سیکٹر کا دورہ

 آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر کوٹلی سیکٹر کا دورہ کیا اور فوجی جوانوں کے ساتھ عید منائی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے دورے کے دوران پاکستان کی سلامتی ،امن اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہدا اور ان کے خاندانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ آرمی چیف جوانوں کے ساتھ گھل مل گئے اور اُن کے حوصلے کی داد دی۔ اس سے قبل ڈونگی پہنچنے پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

آزاد کشمیر میں کنٹرول لائن کے دشوار گزار اور پرخطر علاقوں میں مسلح افواج کے جوانوں نے اگلے مورچوں پر عید کا روز روایتی انداز سے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ منایا۔ تہوار کے موقع پر جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے مسلح افواج کے افسران نے بھی اگلے محازوں پر جوانوں کے ساتھ عید منائی۔

دشمن کے سامنے سینہ سپر جرات و بہادری کی مثال بنے وطن کے یہ محافظ عید کے موقع پر اپنے گھر سے تو دور ہیں مگر پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی پر فخر محسوس کرتے ہیں۔

عید پر ایف سی نارتھ کے جوان پاک افغان بارڈر پر سرحدوں کی حفاظت پر مامور

عید کے پرمسرت موقع پر جہاں آج ہر طرف خوشیاں ہیں اور لوگ عید الفطر اپنے پیاروں کیساتھ منا رہے ہیں تو دوسری طرف پاک افغان بارڈر پر ایف سی نارتھ کے جوان ملکی سرحدوں کی حفاظت پر مامور ہیں۔

عید خوشیوں کا نام ہے، مذہبی تہوار کو اپنے پیاروں کے ساتھ جوش و جذبے اور محبت سے منانے کا لیکن اس سب کے لیے امن لازمی ہے۔ خوشیوں میں مگن قوم کی حفاظت اور امن و امان برقرار رکھنے کےلیے پاک افواج کے جوان ہمیشہ کی طرح آج بھی صف اول میں کھڑے ہیں۔

عید الفطر کے موقع پر پاک افغان بارڈر پر قائم بگ بین چیک پوسٹ پر ایف سی نارتھ کے جوان جہاں ملکی سرحدوں کی حفاظت کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں تو وہیں اپنوں سے دورعید بھی منا رہے ہیں، سرحد پر نماز عید سمیت خصوصی دستر خوان کا اہتمام بھی کیا گیا۔

ملک و قوم کی سلامتی کےلیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے جذبے سے سرشار جوانوں کا کہنا ہے کہ وطن کی مٹی پر آنچ نہیں آنے دینگے۔

نماز عید کے بعد ملکی سلامتی کے علاوہ سیکورٹی فورسز کے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

Advertisement