لاہور:(دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف سے یو اے ای کے معاشی وفد نے ملاقات کی اور پاکستان میں مختلف شعبہ جات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عید پر بھی ملکی معاشی صورتحال بہتر بنانے کے لیے سرگرم، چھٹی کے باوجود یو اے ای معاشی ٹیم سے ملاقات کی، تجارت، توانائی، انفراسٹرکچر، پٹرولیم میں تعاون و تعلق کو نئی بلندی پر لیجانے کے عزم کا اظہار کیا۔
مشترکہ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم سے متحدہ عرب امارات کے معاشی وفد نے ملاقات کی، شہباز شریف نے عید تعطیلات میں آمد پر وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتی ہے، معاشی محاذ پر ان تعلقات کو بلندیوں کی ایک نئی سطح پر لیجانے کی خواہشمند ہے۔
انہوں نے کہا کہ عید الفطر پر وفد کی آمد یو اے ای کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی کا مظہر ہے۔
وزیراعظم کی شاہ سلمان، سعودی اور متحدہ عرب امارات کے ولی عہد کو عید کی مبارکباد
وزیر اعظم شہباز شریف نے یو اے ای کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان، سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو عید کی مبارک باد دی۔
عید کے موقع پر ابوظہبی کے ولی عہد کو فون کر کے وزیراعظم شہباز شریف نے یو اے ای کی قیادت، عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا، جبکہ امارات کا اقتصادی وفد پاکستان بھجوانے پر شکریہ کا اظہار کیا۔
شیخ محمد بن زید النہیان نے بھی وزیراعظم شہباز شریف کوعیدالفطر کی مبارکباد دی۔
ابو ظہبی کے ولی عہد نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون پر مبنی طویل المدتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ وزیر اعظم نے یو اے ای کے اپنے حالیہ دورے کے دوران اپنے وفد کی پرتپاک میزبانی پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ باہمی مفاد میں دوطرفہ تعاون خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کو مزید تیز کرنے کے لئے یو اے ای کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے یو اے ای کے حالیہ دورے کے فوری بعد متحدہ عرب امارات کا معاشی وفد بھجوانے پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا جو دونوں برادر عوام کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں ایک نئے باب کا اضافہ ہے۔
شہباز شریف نے ولی عہد کو اپنی اولین فرصت میں پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اشتراک عمل اور عالمی سطح پر تعاون کے مزید فروغ کے لئے قریبی رابطہ استوار رکھنے پر اتفاق کیا۔
ادھر وزیر اعظم نے ٹویٹر پر اپنے تہنیتی پیغام میں سعودی عرب کے تین روزہ سرکاری دورے کے دوران پاکستانی وفد کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر سعودی ولی عہد کا شکریہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سلطنت سعودی عرب گہری روابط اور تعاون کے نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے پرتپاک استقبال اور شاندار مہمان نوازی کے لیے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
وزیراعظم نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سلطنت سعودی عرب کے عوام کو عید الفطر کی مبارک بھی دی۔
احتساب کی آڑ میں ہراساں کرنے سے بیوروکریسی کی کارکردگی متاثر ہوئی: وزیراعظم
وزیراعظم کے زیرصدارت اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں ریٹائرڈ اور حاضر سروس افسران نے شرکت کی، شہباز شریف نے کہا کہ احتساب کی آڑ میں ہراساں کرنے سے بیوروکریسی کی کارکردگی متاثر ہوئی۔
ملاقات میں شریک افسران نے وزیرِاعظم کو گورننس، انتظامی امور اور پالیسیوں کے نفاذ کے حوالے سے اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب، مختلف محکموں کے سیکریٹریز، سابقہ چیف سیکرٹریز اور مختلف محکموں کے سربراہوں نے مستقبل کے منصوبوں، موثر بیوروکریسی کے کردار اور عوام کو مختلف شعبوں میں ریلیف کے حوالے سے تجاویز بھی دیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دل کی گہرائیوں سے آپ کو عید کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان کی خوشی قسمتی ہے کہ یہاں آپ جیسے قابل افسران موجود ہیں، بلاشبہ آپ ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ملکی ترقی و خوشحالی میں سیاسی حکومت کی رہنمائی کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قابلِ افسران سیاسی حکومت کی ملکی ترقی و خوشحالی میں رہنمائی اور معاونت کرتے ہیں، جو میگا پراجیکٹس پایہ تکمیل کو پہنچے چاہے وہ میٹرو ہو یا اورنج لائن افسران و دیگر حکومتی اہلکاروں کی شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہیں، کپتان اپنی ٹیم کے بغیر کچھ نہیں کر سکتا، احتساب اور شفافیت کی آڑ میں افسران کی کو بلاوجہ ہراساں کرکے ان کی کارکردگی کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی، قومی خدمت ہمارا نصب العین ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس امر میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت قبول نہیں، اللہ نے مجھے ایک بار پھر قوم کی خدمت کا موقع دیا ہے، میرا یہ عزم ہے کہ قابل افسران کے ساتھ یہ سفر شروع کروں، احتساب اور شفافیت لانے کیلئے قوانین کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی، سول سرونٹس حکومتی ٹیم کا حصہ ہوتے ہے ان کے خدشات کا تدارک بھی ضروری ہے۔
پاکستان اس وقت شدید معاشی بحران کا شکار، جلد قابو پا لیں گے: شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت معاشی بحران کا شکار ہے مگر جلد ہی قابو پا لیں گے، مسلسل محنت اور ثابت قدمی سے ہی مشکلات ختم ہوں گی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے جاتی امرا میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے، جلد قوم سے خطاب میں حقائق سامنے رکھوں گا۔ کارکنان نےکوئی دن ایسانہیں چھوڑاجب ہماراساتھ چھوڑا ہو، پارٹی قیادت اور پوری جماعت کارکنان کی محبت کوبھول نہیں پائیں گے، ہمارے ساتھیوں کےخلاف ایک دھیلے کی کرپش ثابت نہیں ہوئی۔ نوازشریف نے ملک کوجہاں چھوڑا، وہیں سےترقی کےسفرکاآغازکریں گے۔
اس موقع پر وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے اپنے خطاب میں کہا کہ مہنگائی نےلوگوں کی زندگی اجیرن کردی،آج نوجوان بیروزگار ہیں ،ذہنی مریض ہوگئے۔ آج بھی کئی گھر ایسے ہیں جہاں بچوں کونئے کپڑےپہنانےکے پیسے نہیں، مہنگائی کے خاتمے کیلئے شہر لاہور میں کمیٹیاں بناؤں گاجوقیمتوں کوکنٹرول کریں گی۔