پی ٹی آئی کا آج میانوالی میں جلسہ، ن لیگ بھی عوامی رابطہ مہم کیلئے تیار

Published On 05 May,2022 08:46 pm

میانوالی، لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آج میانوالی میں جلسہ کرے گی جبکہ ن لیگ بھی عوامی رابطہ مہم کیلئے تیار ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان اپنے حلقہ انتخاب میانوالی میں جمعہ کو جلسہ عام سے خطاب کریں گے، میانوالی جلسہ عمران خان کی عوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں ہو گا، جلسہ جنرل بس سٹینڈ گراؤنڈ میں کیا جائے گا، چند ماہ قبل بطور وزیر اعظم بھی عمران خان نے اسی مقام پر جلسہ عام سے خطاب کیا تھا، جلسہ کا وقت شام 6 بجے مقرر کیا گیا ہے، اسلام آباد تحریک میانوالی سے شروع کریں گے۔

چند ماہ قبل بطور وزیر اعظم بھی عمران خان نے اسی مقام پر جلسہ عام سے خطاب کیا تھا، اس وقت جلسہ میں تمام تر حکومتی وسائل کے استعمال کے باوجود پانچ سے دس ہزار لوگ جلسہ میں شریک ہوئے تھے، جلسہ میں میانوالی سمیت پڑوسی اضلاع سرگودھا، خوشاب، چکوال، لکی، بنوں اور ڈی آئی خان سے بھی پی ٹی آئی ورکر شرکت کریں گے۔

جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی میانوالی میجر (ر) خرم حمید خان روکھڑی کے مطابق مقامی اراکین پنجاب اسمبلی جلسہ کی تیاریوں کی نگرانی کر رہے ہیں، جلسہ گاہ میں 70 ہزار کرسی لگائی جائے گی، جلسہ گاہ میں دو لاکھ افراد کے آنے کی توقع ہے، میانوالی کے عوام عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔

اس حوالے سے عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ کرپٹ حکومت کو عوام پر مسلط کیا گیا، حقیقی آزادی کی تحریک کا آغاز کرنے جارہا ہوں، اسلام آباد لانگ مارچ کی تیاریاں بھی شروع کررہے ہیں، بیرونی سازش کے نتیجے میں پاکستان میں ایک منتخب جمہوری حکومت کو ہٹایا گیا، پاکستان کے اندرونی سیاسی معاملات میں مداخلت کے ذریعے اسلاموفوبیا کے خلاف اور توہین رسالتﷺ کے انسداد کے حق میں اٹھتی توانا آواز کو دبانے کی کوشش کی گئی، لازم ہے کہ تمام شعبہ ہائے زندگی خصوصاً تعلیم و تبلیغ سے وابستہ افراد پاکستان کی حقیقی آزادی کیلئے کھڑے ہوں، مذہبی طبقے خصوصاً دینی مدارس کے طلباء اور اساتذہ کو مئی کے آخر میں ہونے والے ”غلامی نامنظور“ مارچ میں شرکت کی خصوصی دعوت دیتا ہوں۔

ن لیگ بھی عوامی رابطہ مہم کیلئے تیار

دوسری جانب ن لیگ بھی عوامی رابطہ مہم کیلئے تیار ہے، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں جلسوں کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے، شہباز شریف، حمزہ شہباز، مریم نواز اور دیگر رہنما خطاب کریں گے، آغاز 7 مئی کو بشام میں سیاسی پاور شو سے ہوگا، شانگلہ، صوابی، اٹک، گجرات اور اوکاڑہ میں بھی اجتماعات ہونگے۔
 

Advertisement