لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب میاں حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ 74سال ہو گئے ملک کو قائم ہوئے لیکن آج بھی لوگوں کو انصاف نہیں ملتا۔ تمام سیاسی جماعتوں کو معیشت کی بحالی، آئین اورقانون کی بحالی کا عمرانی معاہدہ کرنا ہوگا
سندس فاؤنڈیشن کے دورہ کے بعدتقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ منو بھائی نے ساری زندگی سندس فاؤنڈیشن اورمریض بچوں کے لئے وقف کر دی، دنیا کا سب سے بڑا سبق انسانیت کا سبق ہے۔ کئی لوگ آئے چلے گئے اچھے کام ہمیشہ یاد رکھے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ زندگی میں مشکلات آتی ہے، مشکلات میں دوسروں کے درد کا احساس پیدا ہوجائے تو یہ کامیابی ہے۔ اولاد کی آزمائش انسان کو دوسروں کے درد کا احساس دلاتی ہے۔ دوسروں کا احساس کر کے آگے بڑھیں تو زندگی آسان ہوجاتی ہے۔ دادا مرحوم کہتے تھے اگر موقع ملے تو مخلوق کی خدمت کرنا،یہی کامیابی ہے۔ کامیاب سیاستدان وہ ہے جو اچھا انسان ہے۔ 74سال ہو گئے ملک کو قائم ہوئے لیکن آج بھی لوگوں کو انصاف نہیں ملتا۔ تمام سیاسی جماعتوں کو معیشت کی بحالی، آئین اورقانون کی بحالی کا عمرانی معاہدہ کرنا ہوگا۔ ملک کے مسائل پہاڑ جیسے ہیں، سب کو ملکرکام کرنا ہوگا۔ بلوچستان،خیبر پختونخوا اورسندھ کی جماعتوں کو ساتھ بٹھا کر مسائل پوچھے اورحل کریں۔
میاں حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے کچھ نہ کیا تو عوام معاف کریں گے نہ اللہ معاف کرے گا۔ خوشحال پاکستان کی منزل کو حاصل کرنا چاہتے ہیں، جس کا خواب قائداعظم نے دیکھا تھا۔ سیاسی جماعتوں کو سیاست سے بالاتر ہو کر ایک ایجنڈے پر آنا ہو گا۔ پاکستان کے عوام کا خوشحال ہونا ضروری ہے،سیاست تو ہوتی رہے گی۔ کامیاب سیاستدان وہی ہے جو مخلوق کی خدمت کا جذبہ رکھتا ہے۔ کبھی ذات کی سیاست نہیں کی، ہمیشہ ملکی مفاد کو مدنظر رکھا۔ ذمہ داری ملنے پر خوشی کم اورفکر زیادہ ہے، مخلوق کی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔