جو سازش روک سکتے تھے انہیں بتایا حکومت گئی تو بڑا معاشی نقصان ہوگا: عمران

Published On 12 May,2022 09:20 pm

اٹک: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تھری سٹوجز نے بائیڈن انتظامیہ کے ساتھ مل کر ہمارے خلاف سازش کی، جب مجھے سازش کا پتہ ہوا جو روک سکتے تھے ان سے روکنے کو کہا انہیں بتایا حکومت گئی تو بڑا معاشی نقصان ہو گا لیکن افسوس کہ ہم کچھ نہیں کرسکے،ہم اسلام آباد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، تحریک انصاف نہیں ساری قوم کواسلام آباد کی دعوت دیتا ہوں۔

عمران خان کے اٹک میں جلسے سے خطاب کی ویڈیو دیکھیں

الیکشن کے اعلان تک ہم اسلام آباد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے: عمران خان

 اٹک میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پاور شو سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تیری عبادت اور تیرے سے مدد مانگتے ہیں، کسی انسان یا کسی ملک کے سامنے سجدہ نہیں کرتے، ہم آزاد قوم ہیں، ہمارا کلمہ ہمیں آزادی دیتا ہے، یہ ہماری حقیقی آزادی کی جنگ ہے، دلیرنوجوانوں کی میرے ساتھ شرکت سب سے بڑی ذمہ داری ہے، خواتین کو کہتا ہوں آپ سب نے حقیقی آزادی کی جنگ میں شرکت کرنی ہے۔ یہ ہمارے ملک کے لیے فیصلہ کن وقت ہے، فیصلہ ہونے جارہا ہے کیا ہم ایک آزاد یا امریکیوں کے غلاموں کی غلامی کریں گے، یہ سیاست نہیں جہاد ہے، فیصلہ کیا ہے جب تک اللہ نے زندہ رکھا چوروں، ڈاکوؤں کو کبھی قبول نہیں کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ اٹک کے غیوراوردلیرنوجوانوں سب تیاری کرو، ہم نے اپنی آزادی کی جنگ لڑنی ہے، میری والدہ نے کہا تم خوش قسمت ہو آزاد ملک میں پیدا ہوئے، لاکھوں لوگ انگریزکی جنگوں میں مرے، ایک غلامی قبضہ کر کے ہوتی ہے، پرویزمشرف نے امریکا کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے، دوسری غلامی فتح کیے بغیرغلام بنالیتے ہیں۔ امریکا نے مشرف کو کہا جنگ میں شامل ہو جاؤ ورنہ بم مار دیں گے، اس وقت کے حاکم نے امریکا کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے، میں نے ہمیشہ کہا کسی کے سامنے نہیں جھکوں گا نہ عوام کوجھکنے دوں گا۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے تھری سٹوجزہیں، ملک کی سب سے بڑی بیماری زرداری اور دو بھائی 30 سال سے ملک لوٹ رہے ہیں، بڑا بھائی باہر بیٹھ کر فوج کو برا بھلا اور چھوٹا بھائی بوٹ پالش کرتا ہے، تیسرا تیس سال سے اسلام کوبیچ رہا ہے۔اقتدارملا توسمجھ رہا تھا یہ تعلیم کی وزارت سنبھالے گا، مولانا فضل الرحمان نے تعلیم کی وزارت کے بجائے این ایچ اے کی وزارت لی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ بائیڈن انتظامیہ کے ساتھ مل کر تھری سٹوجزنے یہاں سازش کی، ڈونلڈ لونے پاکستان کے سفیر کو دھمکی دی، ڈونلڈ لُو نے کہا اگرعمران خان کو ہٹادیا تو معاف کر دیں گے، ڈونلڈ لو کو پتا تھا چیری بلاسم آ کر خدمت کرے گا، انہوں نے پلان کیا اورحکومت گرادی، کونسا اتنا بڑا مسئلہ تھا سب نے ملکر حکومت گرائی، دیوالیہ معیشت کو ہم نے سنبھال لیا تھا، انہی لوگوں نے ادارے تباہ اور ملک لوٹا، اقتدارسنبھالا تو 20 ارب خسارہ ورثے میں ملا، ہماری حکومت نے آہستہ آہستہ انڈسٹری کو ٹھیک کیا، گروتھ میں اضافہ اور ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کیا، جب پاکستان ترقی کررہا تھا تب سازش ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ جب سازش کا پتا چلا توجولوگ سازش روک سکتے تھے ان کو بتایا، میں نے اور شوکت ترین نے بھی بتایا لیکن افسوس کچھ نہ کر سکے، آج پاکستان کا روپیہ تیزی سے گررہا ہے، دوماہ کے دوران فارن رزور تیزی سے گر رہے ہیں، پاکستان کی معیشت نیچے جارہی ہے؟ کون ذمہ دارہے۔

عمران خان نے کہا کہ مریم نواز ضمانت پر ہیں، آپ نے اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے میرے ساتھ نکلنا ہے، 24 ارب روپے کے شہبازشریف کے خلاف کیسزہیں، ایف آئی اے نے اس پر کیسز بنائے اب ختم کیے جا رہے ہیں، یہ قیامت کی نشانی ہے، آصف زرداری نیب کی اصلاحات کرے گا؟ جنہوں نے ملک لوٹا وہ اپنے کیسز خود ختم کر رہے ہیں، وزیرداخلہ نے 18 قتل کیے ہیں، لندن میں نوازشریف سزایافتہ کو ملنے گئے، نوازشریف بھگوڑا اور اس کی سزایافتہ بیٹی کو وزیراعظم کا پروٹوکول دیا جارہا ہے۔

پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ ہمارے نبیﷺ نے کہا تھا قوم تب تباہ ہوتی جب بڑے ڈاکوؤں کونہیں پکڑا جاتا، ملک تباہی کی طرف جا رہا ہے، ڈاکٹررضوان کو سلام پیش کرتا ہوں، ہمارے افسر اس مافیازسے ڈرتے ہیں، ڈاکٹررضوان نے حمزہ شہبازسے 16ارب کا سوال پوچھا تو انہوں نے دھمکی دی، انہوں نے ایان علی کے کسٹم آفیسر کو مروا دیا، شہنشاہ اورجسٹس سجاد کو زرداری نے مروا دیا تھا، اگر یہ لوگ کامیاب ہو گئے توملک تباہی کی طرف جائے گا۔ بڑے چوروں کونہ پکڑنا تباہی کا راستہ ہے، 20 مئی کے بعد اسلام آباد کی کال دوں گا توسب نے نکلنا ہے، آپ لوگوں کوکسی چیزکا خوف نہیں ہونا چاہیے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے نبیﷺ نے پہلے مدینہ کے لوگوں کے خوف کی زنجیریں ختم کی تھیں، ڈرے ہوئے لوگ کبھی آزاد نہیں ہوتے، زندگی موت اوررزق اللہ کے ہاتھ میں ہے، جب تک یہ الیکشن کا اعلان نہیں کریں گے، ہم اسلام آباد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، تحریک انصاف نہیں، ساری قوم کواسلام آباد کی دعوت دیتا ہوں، فوجی اپنی فیملیز کو بھیجیں یہ میری نہیں پاکستان کی جنگ ہے، باہرکی غلامی اورچوروں سے ہم نے آزاد ہونا ہے، اسلام آباد کے لیے ہرشہری نے نکلنا ہے، میں جیل جانے اورجان کی قربانی دینے کوتیارہوں، کسی صورت امریکا کے غلام چوروں کو نہیں مانوں گا، میجر صادق، زلفی بخاری سمیت سب کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ میری آپ سے اب اسلام آباد میں ملاقات ہوگی۔ 

 ملک دیوالیہ ہونے کے قریب ہے: شاہ محمود قریشی

سابق وفاقی وزیر خارجہ اور پی ٹی آئی کے وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اٹک غازیوں، محافظوں، شہیدوں کا شہرہے، اٹک والوں نے کمال کردیا۔ پچیس لوٹے فارغ ہوگئے تو کیا حمزہ اعتماد کا ووٹ لے سکے گا؟ ملک کوبحران سے نکالنے کا ایک ہی راستہ فوری الیکشن ہے، حکومت چوں، چوں کا مربہ ہے، ملک دیوالیہ ہونے کے قریب ہے، ایک ماہ میں مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے، بجلی کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں، آج پنجاب کی نہروں میں پانی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک زمانہ تھا ایم کیوایم کے لوگ لندن یاترا جاتے تھے، آج پاکستان کے گھس بیٹھیئے لندن میں بیٹھے ہیں، لندن میں کہتے ہیں خان چلا گیا اورہمیں پھنسا دیا ہے، گیارہ جماعتوں پرعمران خان اکیلا بھاری ہے، پنجاب آئینی طورپرکرائسزکا شکارہیں، جس کوشہبازشریف نامزد اس کوصدرتسلیم نہیں کرتا، جس کوکہتے ہیں حلف لو وہ حلف سے انکاری ہے، ڈیڑھ ماہ ہوگیا کہیں پنجاب کابینہ دکھائی دے رہی ہے، کابینہ تنہا وزیراعلیٰ نہیں ہوتا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان کواحساس نہیں بھارت کے ساتھ تجارت کی باتیں کررہے ہیں، مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہے، کیا ان حالات میں بھارت کے ساتھ تجارت ہونی چاہیے یا نہیں، ہم سب نے عمران خان کے ہاتھ مضبوط کرنے ہیں، عمران خان 20 مئی کوملتان میں اہم پیغام دیں گے، عمران خان کی اسلام آباد کی کال آئے تو چلو گے، اگرکینٹینرکھڑے کیے گئے تورکاوٹیں ہٹا کرنکلنا ہے، یہ بھونچال پھٹنے کو تیارہے، شہبازشریف تیارہوجاؤعمران خان آرہا ہے۔

اٹک والے اسلام آباد کی کال کے انتظار میں ہیں: میجر (ر) طاہر صادق

پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر صادق نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اٹک والے اسلام آباد کی کال کے انتظارمیں ہے، اٹک والے گھج، دھج کے عمران خان کا ساتھ دیں گے، ہم ہروقت اسلام آباد جانے کوتیارہے۔

شیخ رشید نے ڈالر 200 روپے کا ہونے کی پیشگوئی کر دی

اس سے قبل سابق وفاقی وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ 17 مئی تک ڈالر 200 روپے کا ہوجائے گا۔

اٹک میں تحریک انصاف کے جلسۂ عام سے خطاب کے دوران شیخ رشید احمد نے کہا کہ عمران خان نے ملک کو بچانے کی کال دی ہے، منہاج القرآن کی خواتین پر گولیاں چلوانے والا بدمعاش کہتا ہے کہ عمران خان کی کال پر اسلام آباد آکر بتاؤ، پورا پاکستان عمران خان کی کال پر آرہا ہے، روک سکتے ہو تو روک کر دکھاؤ۔

آئی ایس پی آر کے حالیہ بیان کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آصف زرداری اور مریم نواز نے پشاور کے کور کمانڈر سے متعلق جو زبان استعمال کی وہ انہیں قبول نہیں ہے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ جس پر فرد جرم لگی وہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بن گئے، ڈالر 17 تاریخ تک 200 روپے کا ہوجائے گا، پاکستان کے زرمبادلہ کے آدھے ذخائر ختم ہوگئے ہیں، پاکستان خدانخواستہ دیوالیہ ہونے کے قریب ہے، اسٹاک ایکسچینج بیٹھ چکی ہے، ایٹمی ہتھیاروں کیلئے پاکستان پر دباؤ آئے گا۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ جس نے تحریک عدم اعتماد کا منصوبہ بنایا تھا، اس نے عمران خان کی خدمت کی ہے، عمران خان ہیرو بن گئے ہیں، عمران خان نے کہا ہے کہ وہ کسی سے بات نہیں کریں گے نہ ہی کسی کا فون سنیں گے، صرف الیکشن کا انتظار ہے۔ وزیروں کو لندن بلا کر چوروں نے پیغام دیا ہے کہ وہی ملک کے حاکم ہیں، ملک میں اس وقت 2 وزیراعظم اور وزیر خزانہ ہیں، انہوں نے 2 بدمعاش اُجرتی قاتل رکھے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی زندگی اور موت کا سوال ہے، امریکا نے سمجھا تھا کہ جوتے پالش کرنے والا پاکستان کو سنبھال لے گا لیکن ایسا نہیں ہوسکتا، پاکستان پر بڑا وقت آنے والا ہے، ان سے معیشت نہیں سنبھالی جائے گی، ہمارے ایٹمی اثاثے شدید خطرات میں ہوں گے۔

Advertisement