اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 8 مارچ کو ڈالر 178 روپے پر تھا، آج 193 پر پہنچ چکا، کہا تھا سازش کامیاب ہوئی تو معاشی بحالی دم توڑ جائے گی۔
ڈالر کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ روپیہ تاریخ کی کم ترین سطح 193پر ہے جو کہ 8 مارچ کو 178 تھا، شرح سود 1998 کے بعد 15 فیصد کی بلند ترین سطح پر ہے، سٹاک مارکیٹ 3000 پوائنٹس یا 6.4 فیصد تک گر چکی ہے، سٹاک مارکیٹ 604 ارب روپے کی کیپیٹلائزیشن گنوا چکی ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے لکھا کہ مہنگائی جنوری 2020 کے بعد سے 13.4 فیصد کی بلند ترین سطح پر ہے، یہ سب امپورٹڈ حکومت پر تاریخ کے کم ترین اعتماد کی علامتیں ہیں۔
سابق وزیراعظم نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ مارکیٹ پالیسی اور اقدامات کی منتظر ہے جو فراہم کرنے میں یہ امپورٹڈ حکومت مکمل ناکام رہی ہے، میں نے اور شوکت ترین نے متنبہ کیا تھا کہ اگر سازش کامیاب ہوئی تو ہماری نحیف معاشی بحالی ڈوب جائے گی، یہی سب اب ہوچکا ہے۔