عمران خان کے پاس ترقیاتی منصوبوں کیلئے کوئی وقت نہیں تھا: وزیراعظم شہباز شریف

Published On 25 May,2022 05:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئر مین عمران خان کے پاس مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور ترقیاتی منصوبوں کے لئے کوئی وقت نہیں تھا، اور اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کا بہت وقت تھا۔

کروٹ ہائیڈور پاور پروجیکٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پروجیکٹ کا دورہ میرے لئے اعزاز کی بات ہے، 2015 میں چینی صدر اور میرے قائد نواز شریف نے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا لیکن سابق حکومت نے اس پروجیکٹ پر کوئی توجہ نہیں دی گئی، گزشتہ حکومت میں ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار ہوئے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انکے پاس مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور ترقیاتی منصوبوں کے لئے کوئی وقت نہیں تھا، لیکن سابق وزیراعظم کو اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کا بہت وقت تھا، عمران نیازی نے 45 ارب کے تاریخی قرضے لئےایک اینٹ نہیں لگائی، اور پٹرول مہنگا نہ کرکے ہمارے لئے بارودی سرنگ بچھائی۔

انہوں نے مزید کہا کہ چینی ورکرز نے یقین دلایا ہے منصوبہ جلد آپریشنل ہوگا، کروٹ پاورپلانٹ سےعوام کو 420 میگاواٹ سستی بجلی فراہم ہو گی، منصوبے سے 720 میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ کو مہیا کی جائےگی، پن بجلی تھرمل بجلی کے مقابلے میں سستی ہوتی ہے، کروٹ ہائیڈرو پاور پلانٹ سے سستی بجلی ملے گی، 4ارب کی بچت سے آج مجھے گہری نیند آئے گی، پاور پروجیکٹ لگانے پر چینی صدر اور نواز شریف کا شکرگزار ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دھرنوں کی وجہ سے پہلے بھی پاکستان اور پاکستانی معشیت کو نقصان پہنچایا گیا، نیازی کے 2014 کے دھرنے نے چینی صدر کا دورہ منسوخ ہوا، دھرنوں سے آپ دنیا کو کیا پیغام دے رہے ہیں، فضول دھرنوں سے قوم کو تقسیم نہیں کرنا چاہئے، بے فضول دھرنوں سے قوم کا وقت معیشت کو بے پناہ نقصان ہوا، حکومت آئینی طریقے سے معرض وجود میں آئی ہے، دھرنوں کا دھڑن تختہ کریں، اور گالم گلوچ کی سیاست کو دفن کیا جائے۔
 

Advertisement