راولپنڈی: (دنیا نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی، سالمیت اور خودمختاری کے حوالے سے ذمہ داریاں پوری کرینگے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی صدارت میں 80 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں کور کمانڈرز، پرنسپل سٹاف آفیسرز اور پاکستان آرمی کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔
بیان کے مطابق فارمیشن کمانڈرز کے دوران شرکاء کو پیشہ ورانہ امور، قومی سلامتی کے چیلنجز اور جوابی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
اس دوران سپہ سالار نے آپریشن ردالفساد کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اب تک کی کامیابیوں کو سراہا۔
آرمی چیف نےجیو اسٹریٹجک ماحول کو تیار کرنے سے متعلق آپریشنل تیاری کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر خصوصی زور دیا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج ایک پیشہ ور ادارہ ہونے کے ناطے پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں ایک مقدس فریضہ کے طور پر پوری کرے گی۔