لاہور: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کیخلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کر کے دو شریک ملزمان کو گرفتارکر لیا گیا۔
مونس الہٰی کے خلاف درج مقدمے سے متعلق ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں شواہد ملنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مونس الٰہی کے خلاف ہنڈی کے ذریعے رقم بیرون ملک بھیجنے کا الزام ہے، یاد رہے مونس الہیٰ کے خلاف ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں تحقیقات کر رہا تھا۔
دوسری جانب مونس الٰہی نے خود ایف آئی اے دفتر پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کیا گرفتار کرنا ہے میں خود ایف آئی اے دفتر جا رہا ہوں۔ پہلے بھی ایسی انتقامی کارروائیوں کا سامنا کر چکا ہوں۔ شریفوں کی اصلیت کو جانتے تھے اسی لیے کسی لالچ میں نہیں آئے۔ ن لیگ کچھ بھی کر لے عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں اور رہوں گا۔ پی ٹی آئی کے ساتھ جب جانے کا فیصلہ کیا تو اس بات کا پتہ تھا کہ شریفوں نے اس طرح کی حرکات کرنی ہیں۔ عمران خان کے ساتھ اتحاد کیا ہے اب انتقامی کاروائیوں کو جھیلنے کیلئے تیار ہوں۔ مقدمہ درج ہونے سے پہلے ایف آئی اے کی طرف سے کوئی نوٹس، رابطہ، فون کال نہیں کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرے تمام اثاثے ڈکلیئر ہیں۔