ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کا سہرا حماد اظہر کے سر جاتا ہے: شوکت ترین

Published On 17 June,2022 04:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اورسابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے نکلنے کا سہرا بھی حماد اظہر کے سر جاتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر انہوں نے لکھا کہ ہم حکومت میں ہوتے تو ہم ایسے اقدامات نہ کرتے، عالمی منڈی میں بڑھتی قیمتوں کا سارا بوجھ عوام پر نہ ڈالتے، روس سے جا کر تیل خریدتے، غیر ضروری اخراجات کم کرتے، فیڈرل بورڈ ریونیو (ایف بی آر) کے محصولات بڑھاتے۔اور غرباء کو ٹارگٹڈ سبسڈی دیتے۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا کر بھی آئی ایم ایف کو مطمئن نہ کرسکے، اپنی حکومت کی بری کارکردگی کا ملبہ ہم پر نہ ڈالیں، ہماری حکومت کے دوران مہنگائی میں اس طرح اضافہ نہ ہوا، ہماری حکومت کے دوران پٹرولیم مصنوعات 84 روپے فی لٹر سے 115 روپے پر پہنچی تھی، موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف کے کہنے پر قیمتیں 50 فیصد بڑھادی ہیں۔

شوکت ترین نے مزید لکھا کہ آپ نے تو بجلی بھی مہنگی کردی، اکنامک سروے سے پتہ چلتا ہے ہماری حکومت میں معاشی اشارے بہتر ہوئے تھے۔

پی ٹی آئی سینیٹر کا کہنا تھا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے نکلنے کا سہرا بھی حماد اظہر کے سر جاتا ہے۔ گزشتہ دو سال میں پاکستان کی معشیت بہتر ہونے کا ریکارڈ قائم ہوا۔ شہباز شریف ہماری حکومت کی کارکردگی پر جھوٹ نہ بولے۔
 

Advertisement