سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نےدعا زہرا کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا

Published On 24 June,2022 03:30 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے دعا زہرا کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ ایک صفحے کے فیصلے میں دعا کی حوالگی اور سندھ ہاٸیکورٹ کے فیصلے کا ذکر نہیں۔

سپریم کورٹ کے جسٹس سجاد علی شاہ، جسٹس منیب اختر اور جسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل تین رکنی بینچ نے جمعرات کو دعا زہرہ کے والد مہدی کاظمی کی درخواست کی سماعت کی تھی۔ عدالت نےتحریری فیصلہ جاری کرتے ہوٸے قرار دیا ہے کہ درخواستگذار نے درخواست واپس لینے پر رضا مندی ظاہر کی، عدالت عظمی نےدرخواست واپسی کی استدعا پر مہدی کاظمی کی درخواست خارج کر دی۔

عدالت نے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ درخواست گزار کو دعا زہرہ کی میڈیکل رپورٹ چیلنج کرنے کا اختیار ہے اور میڈیکل رپورٹ کو متعلقہ فورم پر چلینج کیا جاسکتا ہے کیونکہ یہ درخواست گذار کا حق ہے۔

عدالت عظمی نے قرار دیا ہے کہ اگر درخواست گذار میڈیکل رپورٹ کوچیلنج کرتا ہے تو سندھ ہائی کورٹ کی آبزوریشن اس پراثر انداز نہیں ہو گی۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں مہدی کاظمی کی دعا زہرہ کی حوالگی اور سندھ ہاٸیکورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کا ذکر نہیں کیا۔  

Advertisement