کراچی والوں کا انتظار ختم، 2 جولائی سے مون سون بارشوں کا امکان

Published On 29 June,2022 03:10 pm

کراچی: (صالحہ فیروز خان) کراچی والوں کا انتظارختم ہوا، محکمہ موسمیات نے شہر میں 2 جولائی سے مون سون کی بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کےمطابق خلیج بنگال سےمون سون ہوائیں 30 جون کو پاکستان میں داخل ہوں گی جس کے بعد گرمی کی شدت میں کمی آئیگی، سندھ کے مختلف اضلاع تھرپارکر،عمر کوٹ، سانگھڑ، بدین، ٹھٹھہ اور دیگر علاقوں میں یکم جولائی کی رات سے بارش متوقع ہے جب کہ 2 جولائی کی شام یا رات کراچی میں بھی گرج چمک کیساتھ تیز بارش کا امکان ہے، بارش کا سلسلہ 5 جولائی تک جاری رہنے کی توقع ہے۔

بارش سے قبل شہر میں آندھی آنےکے بھی امکانات ہیں، اس دوران ہوا کی رفتار 30 کلو میٹر فی گھنٹہ سے زائد ہو سکتی ہے، تیز ہوا یا آندھی کے سبب کمزور انفرا سٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ہے۔

3 تا 5 جولائی سمندر کی لہریں معمول سے زیادہ اونچی ہوسکتی ہیں، ماہی گیروں کو محتاط رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے، جبکہ ندی نالوں میں طغیانی ہوسکتی ہے جس کے باعث شہر میں اربن فلڈنگ کے امکان ہے، کراچی ،حیدرآباد کے نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں (صوبائی اور شہری انتظامیہ) کوالرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔

یادر ہے کہ رواں سال محکمہ موسمیات نےملک بھر سمیت کراچی سندھ میں بھی معمول سے زائد بارش کی پیش گوئی کی تھی جبکہ 22 جون کو پری مون سون بارش کے نتیجے میں توقع سے زائد بارش ہوئی جس کے بعد کراچی میں جل تھل ایک ہو گیا تھا۔
 

Advertisement