مون سون سپیل رنگ جمانے لگا، ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش، موسم خوشگوار

Published On 01 July,2022 10:05 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مون سون کا سلسلہ رنگ جمانے لگا،لاہور سمیت مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

مون سون سے موسم تبدیل، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات اور دیگر علاقوں میں بادل برس پڑے، ٹھنڈی ہواؤں نے موسم خوشگوار بنا دیا۔

اسلام آباد، راولپنڈی میں بھی ابر رحمت برسا، محکمہ موسمیات کےمطابق آج خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
مری اور گلیات میں بھی پری مون بارشوں کا نیا سپل شروع ہو گیا، بارش سے موسم خوشگوار ہونے پر سیاح انجوائے کرنے لگے، ایوبیہ نتھیا گلی چھانگلہ گلی اور باڑیاں میں دھند کے باعث حد نگاہ محدود ہو گئی۔

گہری دھند کے باعث گاڑیاں ڈرائیو کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے، بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور درخت گرنے کے واقعات رونما ہو سکتے ہیں۔

این ڈی ایم اے نے بارش میں اتنظامی اداروں کو الرٹ رہنے کے احکامات جاری کردیئے، بارشوں کا سلسلہ ایک ہفتے تک جاری رہ سکتا ہے۔
 

Advertisement