کراچی:(صالحہ فیروز خان)شہرقائد میں 100 ملی میٹر سے زائد بارش ہونے کا امکان ہے محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا۔
3 جولائی کی دوپہر سے شہر میں بارش کا آغاز ہو سکتا ہے، بارش سے قبل آندھی چلے گی، ہوا کی رفتار 45 کلو میٹرفی گھنٹہ سے زائد ہوسکتی ہے، تیزہوائیں چلنے کے باعث کمزور املاک بشمول سائن بورڈز، درخت وغیرہ گرنے کے امکانات موجود ہیں۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ 5 جولائی کی شام تک سسٹم کمزور ہوجائیگا جسکے6 اور 7جولائی کو کہیں بوندا باندی تو کہیں ہلکی بارش جاری رہ سکتی ہے، 8 جولائی کو مون سون کا دوسرا اسپیل داخل ہو جائیگا جو 3 سے 4 روز پر محیط ہو سکتا ہے۔
مون سون سسٹم کراچی کو چھوتا ہوا گزرا تو 50 سے 70 ملی میٹر بارش ہوسکتی ہے، مون سون سسٹم کا مرکز اگر کراچی کے اوپر سے گزرا تو اس صورت 100 ملی میٹر سے زائد بارش کے امکانات رہیں گے تاہم کراچی میں موسلا دھار بارش کاامکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق تیز ہواؤں کے نتیجے میں سمندرمیں غیر معمولی سطح پر لہریں اونچی ہو سکتی ہیں، ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
ندی نالوں میں طغیانی ہوسکتی ہے، نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں، شہرمیں اربن فڈنگ کا خدشہ ہے، موسلا دھار بارش کے پیش خطر محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ جاری کردیا ہے۔
بارش کا پانی چاول کی کاشت کے لئے مفیدہوگا، بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوجائیگا، درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ مون سون تین ماہ پر مشتمل ہوتا ہے،(جولائی،اگست اورستمبر) تین ماہ کے دوران مون سون دو مراحل سے ہوتا ہوا گزرتا ہے، پہلا مرحلہ یکم جولائی سے 15 اگست تک کا ہوتا ہے۔
رواں سال پہلا مرحلہ شدت کا بتایا گیا ہے ،دوسرا مرحلہ 15 اگست سے 31 ستمبرتک کا ہوتا ہے۔