اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے ریلوے سعد رفیق نے وزیراعظم کے مشیر برائے امور گلگت و کشمیر قمر زمان کائرہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتحادی حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا، سیاست داؤ پر لگا کر ریاست بچانے کیلئے مشکل فیصلے کیے، یقین ہے پنجاب کے عوام ضمنی الیکشن میں اعتماد کا ووٹ دیں گے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ فیصلہ کیا تھا ضمنی الیکشن میں ن لیگی امیدواروں کو سپورٹ کریں گے، ہم ضمنی الیکشن کو اکٹھے ہوکر لڑ رہے ہیں، ضمنی الیکشن جیت کر فساد کھڑا کرنے والوں کو جواب دینا ہے، عمران خان جاتے وقت ملکی معیشت میں بم لگا کر گئے، ہم مشکل حالات میں ہیں، ہم ٹارگٹڈ سبسڈی دے رہے ہیں، ملک دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے، ملک ہوگا تو سیاست بھی ہوگی۔
وزیراعظم کے مشیر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں حمایت پر پیپلزپارٹی قیادت کا شکر گزارہوں، جب اتحادی حکومت آئی ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، دور نحوست سے پاکستانیوں کی جان چھوٹی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اتحادی حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، سیاست داؤ پر لگا کر ہم نے مشکل فیصلے کیے، عدم اعتماد کے بعد عام انتخابات میں جانے کا پلان بن چکا تھا، تحریک عدم اعتماد کے بعد عام انتخابات میں جانا آسان فیصلہ ہوتا، ملک کو بے یقینی صورتحال سے نکالنے کیلئے سخت فیصلوں کا سیاسی بوجھ اٹھایا، ہم نے ریاست کے ساتھ وفاداری نبھاتے ہوئے سیاسی مفادات کی قربانی دی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ای وی ایم لانے کا مقصد عمران خان کو دوتہائی اکثریت دلانا تھا، ای وی ایم والا تماشا چل جاتا تو پاکستان کا حلیہ بگڑ جاتا، ہمارے پاس وقت کم ہے لیکن ملک کو بحران سے نکالیں گے، نیب کا سہارا لے کر عمران خان مخالفین کو ٹھکانے لگاتا رہا، عمران خان 73 کے آئین کو ختم کر کے آمرانہ طرز حکومت کا منصوبہ بنا رہےتھے، سابق وزیراعظم کی شیطانی سوچ کا راستہ روکنے کیلئے حکومت سنبھالی، ملک کی سلامتی کے لیے ہم اقدام کریں گے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عید کے تینوں روز تمام ٹرینوں کی تمام کلاسز کے کرایوں میں 30 فیصد کمی کر رہے ہیں، یقین ہے پنجاب کے لوگ ہمیں خدمت کا موقع دیں گے، گزشتہ چار سال کے دوران کوئی بہتری نہیں لائی گئی، 100 یونٹ تک مفت بجلی کا جو اعلان ہوا یہ رقم بجٹ میں موجود ہے، چھوٹے صارفین کو بجلی بلز پر سبسڈی پنجاب حکومت کے بجٹ میں شامل تھی، ن لیگ اپنے سابقہ دور میں آئی ایم ایف کو خیر باد کہہ گئی تھی، پی ٹی آئی حکومت نے آئی ایم ایف سے انتہائی سخت شرائط پر معاہدہ کیا۔