دعا زہرہ کو دارالامان بھجوا دیا گیا

Published On 19 July,2022 08:37 pm

لاہور:(دنیا نیوز) مقامی عدالت نے پسند کی شادی کرنے والی دعا زہرہ کو دارالامان بھجوا دیا۔

دارالامان انتظامیہ کے مطابق سپیشل جوڈیشنل مجسٹریٹ رضوان احمد کی عدالت نے دعا زہرہ کو دارالامان منتقل کیا، دعا زہرہ کا آج دارالامان میں داخلہ ہوا ہے، عدالتی احکامات کے بغیر کسی کو بھی دعا زہرہ سے ملاقات کی اجازت نہ ہوگی۔

اس حوالے سے دارالامان انتظامیہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ دارالامان میں رہائش پذیر تمام خواتین کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جاتی ہے، دعا زہرہ کا دارالامان میں کتنے روز قیام ہوگا یہ فیصلہ عدالت کرے گی۔

دوسری جانب کراچی میں ایڈیشنل اینڈ ڈسٹرکٹ کورٹ نے کیس کا تفتیشی افسر تبدیل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

دعا زہرہ مبینہ اغوا کیس کے تفتیشی افسر کی تبدیلی کی درخواست کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد منظور کرلیا اور عدالت نے پولیس حکام کو تفتیشی افسر تبدیل کرنے، ایڈیشنل آئی جی اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن کو قابل افسر مقرر کرنے کا حکم جاری کیا۔

ماتحت عدالت نے درخواست کو صنفی تشدد سے متعلق عدالت منتقل کرنے کا ریفرنس سیشن عدالت کو بھیجا تھا، دعا کے والد مہدی کاظمی نے تفتیشی افسر تبدیل کرنے کی استدعا کی تھی، درخواست میں تفتیشی افسر پر عدم اعتماد کرتے ہوئے نیا تفتیشی افسر مقرر کرنے کی استدعا کی تھی۔
 

Advertisement