راولپنڈی:(دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ٹنلنگ انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان اور نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا دورہ کیا، سپہ سالار نے حساس مقامات پر اضافی افرادی قوت اور وسائل فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ٹیموں کو اضافی سکیورٹی فراہم کی جائے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے ایف ڈبلیو او کےجدید ترین ٹنلنگ انسٹی ٹیوٹ کا افتتاح کیا، ادارے کا مقصد سرنگوں کی پیشہ ورانہ مہارت کو فروغ دینا ہے، ادارہ ٹنلنگ کے شعبے میں تحقیق، ترقی اور وسائل کو ہم آہنگ کرے گا، ادارہ تعلیمی اور صنعتی ماہرین کے ذریعے ٹنلنگ کی تعلیم کو فروغ دینے کا پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی سپہ سالار نے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا بھی دورہ کیا، آرمی چیف کو ملک میں پولیو مہم اور درپیش چیلنجوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے حساس مقامات پر اضافی افرادی قوت اوروسائل فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ٹیموں کو اضافی سکیورٹی فراہم کی جائے، پولیو سے پاک پاکستان کے لئے موثر کوششیں کامیاب بنانے کی ضرورت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پولیو مہم کے انعقاد اور دیگر اقدامات کو سراہا، جنرل قمر جاوید باجوہ کا استقبال لیفٹیننٹ معظم اعجاز اور میجرجنرل کمال اظفر نے کیا۔