اُمید ہے سپریم کورٹ ایسا قدم نہیں اٹھائے گی جس سے بے یقینی میں اضافہ ہو: احسن اقبال

Published On 23 July,2022 05:22 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ امید کرتا ہوں سپریم کورٹ ایسا قدم نہیں اٹھائے گی جس سے بے یقینی میں اضافہ ہو، ایک لوزشاٹ پاکستان کی معیشت کوتباہی کی طرف لیجاسکتی ہے۔

نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرمنصوبہ بندی نے کہا کہ عمران خان عدلیہ کوسیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں، یہ اہم کیس ہے اس کیس کو فل کورٹ میں سنا جائے، مجھے نہیں پتا فوج متحرک ہوئی ہے یا نہیں، ہوسکتا ہےعمران فنڈنگ کیس کے پھندے سے بچنے کے لیے ایسی تجویزدے رہا ہو۔

احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان جب سیاست میں شکست کھاتا ہے تو عدالتوں کواستعمال کرتا ہے، امید کرتا ہوں سپریم کورٹ ایسا قدم نہیں اٹھائے گی جس سے بے یقینی میں فائدہ ہو، ایک لوزشاٹ پاکستان کی معیشت کوتباہی کی طرف لیجاسکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہوسکتا ہےعمران فوج کے مذاکرات سے متعلق تجویزسے فارن فنڈنگ کیس میں این آراوچاہتا ہو، آئین وقانون کے سامنے سب کو برابر ہونا چاہیے، پی ٹی آئی چیئر مین ذاتی مفاد کیلئے اداروں کواستعمال کرنا چاہتےہیں، عمران خان مسلسل قومی اداروں کو دباؤ میں لارہے ہیں، پنجاب بغیر کابینہ کے چل رہا ہے، عمران نیازی سپریم کورٹ کی کردارکشی کرتے رہے، ہم تو توہین عدالت میں نااہل بھی ہوجاتے ہیں، عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کیوں نہیں ہوتی؟

احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کوکبھی توہین عدالت کی پیشی پرنہیں بلایا گیا، عمران خان عدالتوں کو برا بھلا کہتے ہیں، عمران خان پاکستان کوسیاسی بحران میں دھکیلنا چاہتے ہیں، عمران خان مسلسل انتشارکے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔
 

Advertisement