بارش نے کراچی پھر ڈبو دیا، درجنوں افراد محفوظ مقامات پر منتقل، تین شہری جاں بحق

Published On 25 July,2022 08:46 am

کراچی: (دنیا نیوز) مون سون کا نیا سپیل کراچی والوں کیلئے زحمت بن گیا، شہر قائد کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے بعد پانی گھروں میں داخل ہو گیا جس کے بعد درجنوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا، کرنٹ لگنے کے واقعات میں تین افراد جاں بحق ہو گئے۔

کراچی کےمختلف علاقوں میں ایک بار پھر موسلا دھار بارش ، سٹی ریلوے کالونی سمیت کئی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ ملیر، صدر، شاہراہ فیصل، پی آئی بی، یونیورسٹی روڈ پر بھی بارش ہوئی۔ گرو مندر، نمائش اور سولجر بازار کے اطراف بادل جم کر برسے۔

جناح ہسپتال کارڈیالوجی ڈپارٹمنٹ کے باہر پانی جمع ہو گیا، بارش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل رہی۔ صدر میں برنس روڈ کا علاقہ پانی میں ڈوب گیا، فوڈ سٹریٹ پر قائم بیشتر دکانوں میں پانی داخل ہونے سے دکانداروں کا خاصا نقصان ہوا۔ کبوتر چورنگی سے سندھ اسمبلی جانے والی سڑک تالاب بن گئی۔

سندھ حکومت نے کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں آج عام تعطیل کا اعلان کر دیا، جامعہ کراچی میں آج ہونے والے پرچے بھی ملتوی کر دیئے، سندھ اسمبلی کا بھی اجلاس ملتوی کردیا گیا۔

بارشوں کے باعث فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا۔ صوبائی وزیر شرجیل میمن نے سب میرین انڈر پاس کا دور کر کے نکاسی آب کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کی مشینری پانی نکالنے میں مصروف ہے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب نے بھی شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بلدیاتی عملے کو جلد پانی کی نکاسی کی ہدایت کی۔ انہوں نے بارش کے دوران دورے کی ویڈیو ٹویٹر پر شیئر کی۔

 

Advertisement