اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں ہالینڈ کے سفیر ووٹر پلومپ نے الوداعی ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سپہ سالار نے کہا کہ پاکستان ہالینڈ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم مشترکہ مفادات کی بنیاد پر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعلقات کو بڑھانے کے لیے پر امید ہیں۔
انہوں نے ہالینڈ کے سفیر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو فروغ دینے کے لئے ان کا کردار قابل تعریف ہے۔
معزز مہمان نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو یقینی بنایا۔