اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آج کے الیکشن کمیشن کے فیصلے نے میرے 2010 سے اپنائے گئے موقف پر مہرِ تصدیق ثبت کردی، عمران خان یہود سمیت عالمی قوتوں کا ایجنٹ ہے۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آج ثابت ہوگیا کہ عمران خان یہود سمیت عالمی قوتوں کا ایجنٹ ہے۔
ممنوعہ فنڈنگ کیس فیصلے پر جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اور اسکی پارٹی غیر ملکی طاقتوں کے ایجنڈے پر ہے، پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈز پر پاکستان کے مفادات کے خلاف کام کر رہی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے آج عمران خان کو عالمی چور، منی لانڈر، جھوٹا، بد دیانت اور پاکستان کے مفادات کے خلاف کام کرنے والا ثابت کردیا ہے، حکومت کو فوری طور پر اسکی تاحیات نااہلی اور اسکی پارٹی کو بین کرنے کی کارروائی شروع کرنی چاہیے۔
بلوچستان میں آرمی ہیلی کاپٹر واقعے پر فوجی جوانوں کی شہادت پر جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوجی جوانوں کی شہادت پر دل رنجیدہ ہوا، لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، بریگیڈیئر امجد حنیف سمیت جہاز میں سوار تمام 6 افسران و سپاہیوں کی شہادت قومی سانحہ ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم پاک فوج کے شھداء کے لواحقین کے ساتھ غم میں شریک ہے، پاک فوج کے افسران نے قوم کی خدمت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، خراج تحسین پیش کرتے ہیں، حالیہ سیلابی صورتحال می ملک بھر میں پاک فوج کے جوانوں کی امدادی کارروائیوں میں خدمات قابل تحسین ہیں، اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات کو بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔