ممنوعہ فنڈنگ، توشہ خانہ کیس: عمران خان کو نوٹس،درخواست سماعت کیلئے مقرر

Published On 05 August,2022 06:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ممنوعہ فنڈ ضبط کرنے کے معاملے پر باضابطہ شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ جبکہ توشہ خانہ کیس میں بھی سماعت مقرر کر لی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کو باضابطہ شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے، یہ نوٹس سابق وزیراعظم عمران خان کو جاری کیا گیا ہے جس میں ان کو 23 اگست کو پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کو جاری شوکاز نوٹس پر سماعت مقرر کردی، 23 اگست کو سماعت کی سربراہی چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کرینگے۔

دوسری طرف توشہ خانہ کیس میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین کی نا اہلی کے خلاف درخواست بھی سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی محسن شاہنواز رانجھا کی طرف سے دائر کی درخواست پر سماعت 18 اگست کو الیکشن کمیشن میں ہو گی۔

الیکشن کمیشن پر مبینہ الزامات، عمران خان کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرنے پر غور

الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو مبینہ الزامات کے معاملے پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن یوم عاشورہ کے بعد عمران خان کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کریگا، ای سی پی نے عمران خان کی تقاریر کا جائزہ مکمل کرلیا۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق پیمرا سے موصول ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لے لیا، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے مبینہ الزامات پر جواب مانگا جائیگا۔

اس حوالے سے ذرائع کا مزید بتانا تھا کہ الیکشن کمیشن الیکشن کمیشن چئیرمین تحریک انصاف سے مبینہ الزامات پر وضاحت طلب کرے گا، عمران خان نے جلسوں سے خطاب میں الیکشن کمیشن پر سنگین الزامات عائد کیے تھے۔

Advertisement