ہیلی کاپٹر حادثہ، سوشل میڈیا مہم، شہدا کے لواحقین، پاک افواج میں شدید غم و غصہ

Published On 05 August,2022 07:18 pm

راولپنڈی:(دنیا نیوز) لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی منفی مہم پر شہدا کے لواحقین اور افواج پاکستان کی جانب سے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لسبیلہ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر منفی مہم چلائی گئی، شہداء کی فیملیز اور افواج پاکستان کے رینک اینڈ فائل میں شدید غم وغصہ اور اضطراب ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق لسبیلہ ہیلی کریش کے بعد سوشل میڈیا مہم چلائی گئی، منفی سوشل میڈیا مہم کے باعث شہداء اور ان کے لواحقین کی دل آزاری ہوئی، اس مشکل اور تکلیف دہ وقت میں پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی تھی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ لیکن کچھ بے حس حلقوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر تکلیف دہ او ر توہین آمیز مہم جوئی کی گئی، یہ بے حس رویے ناقابل قبول اور شدید قابل مذمت ہیں۔

ترجمان پاک فوج کی کور کمانڈر کوئٹہ سمیت 6 افسران و اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کور کمانڈر کوئٹہ سمیت6 افسران و اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کی تھی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ حادثے کا شکار بدقسمت ہیلی کاپٹر کا ملبہ موسیٰ گوٹھ وندر لسبیلہ سےملا، ہیلی کاپٹر کے حادثے میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت افسران شہید ہوگئے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہیلی کاپٹر کو حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا۔ شہدا میں میجر جنرل امجد حنیف ،بریگیڈیئر محمد خالد ، میجر سعید احمد، میجر محمد طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاض شامل ہیں۔ راولاکوٹ سے تعلق رکھنے والے ڈی جی کوسٹ گارڈ میجرجنرل امجد حنیف شہید کے سوگواران میں اہلیہ ، بیٹی اور دو بیٹے شامل ہیں۔ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے کمانڈرانجینئر 12 کور بریگیڈیئرمحمدخالد کے سوگواران میں اہلیہ ، تین بیٹیاں اور تین بیٹے جبکہ لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے پائلٹ میجر سعید احمد شہید کے سوگواران میں اہلیہ ،ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔

بیان کے مطابق شہید پائلٹ میجرمحمد طلحہ منان کے سوگواران میں اہلیہ اور دو بیٹے شامل ہیں جبکہ چیف نائیک مدثر فیاض شہید کا تعلق نارووال سے تھا۔

خیال رہے ہیلی کاپٹرلسبیلہ میں سیلاب سےمتعلق امدادی کارروائیوں پرتھا اور فلڈ ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کی جا رہی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر گزشتہ رات لا پتا ہوا تھا ، ہیلی کاپٹر کا لسبیلہ میں دوران پرواز ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوا تھا۔

Advertisement