لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے سینئررہنما فواد چوہدری اورپنجاب کے وزیر داخلہ کی ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فواد چوہدری نے ہاشم ڈوگر کو صوبائی کابینہ میں وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی، ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوران ملاقات وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ 25 مئی کو جن افسروں اور اہلکاروں نے ہمارے ورکرز کے ساتھ زیادتی کی ان کو قانون کے کٹہرے میں لا کر سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات کے نتائج نے ثابت کر دیا کہ پنجاب پاکستان تحریک انصاف کا گڑھ ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا، تحریک انصاف کے لیڈرز، ورکرز اور صحافی برادری کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا بھر پور بدلہ لیا جائے گا۔