مظفر گڑھ: (دنیا نیوز) مظفر گڑھ پولنگ اسٹیشن حملہ کیس میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے آئندہ سماعت پر انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب کو انکوائری رپورٹ سمیت پیش ہونے کا حکم دیدیا۔
الیکشن کمیشن میں مظفرگڑھ ضمنی انتخاب میں پولنگ سٹیشن پر جھگڑے کے کیس کی سماعت کے دوران موجودہ اور سابق ڈی پی اوز مظفرگڑھ کمیشن میں پیش ہوئے، چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ آئی جی پنجاب کیوں نہیں آئے؟ جس پر آر پی او نے بتایا کہ نوٹس میں سابق آئی جی رائو سردار کا نام لکھا ہوا تھا، الیکشن کمیشن فون کر کے وضاحت بھی لی تھی۔
الیکشن کمیشن سے بتایا گیا کہ جس کا نام لکھا ہے وہی پیش ہو، چیف الیکشن کمشنر نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر سے استفسار کیا کہ پولنگ سٹیشن پر حملہ ہوا تو آپ نے کیا ایکشن لیا؟ واقعہ کی ایف آئی آر بھی پولیس کی مدعیت میں ہے کمیشن کی نہیں، لوگ جعلی ایف سی کی وردیوں والے گارڈ لیکر پھر رہے تھے کوئی ایکشن نہیں ہوا۔
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر کا کہنا تھا کہ ڈی پی او مظفرگڑھ کو خط لکھا تھا،چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ ڈی آر او، آر او اور ڈی ایم او نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی، جعلی وردیوں والے ایشو پر کمیشن نے تحریری شکایت بھی کی تھی۔
سابق ڈی پی او مظفرگڑھ نے کمیشن کو بتایا کہ جعلی وردیوں والے گرفتار کیے، موقع پر تھا جب پولنگ سٹیشن پر حملے کی خبر ملی، ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کو موقع پر بھیجا تھا۔
الیکشن کمیشن نے آئی جی پنجاب کو واقعہ میں کوتائی برتنے پر انکوائری کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر آئی جی پنجاب انکوائری رپورٹ کے ہمراہ پیش ہونے کی ہدایت کر دی کیس کی آئندہ سماعت بارہ ستمبر کو ہو گی۔