اسلام آباد: (دنیا نیوز) ریلے گزر چکے تباہی چھوڑ گئے، سیلاب زدہ علاقوں میں تاحد نگاہ صرف بربادی ہی بربادی نظر آرہی ہے، متاثرہ علاقوں میں مزید 22 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سیلاب متاثرہ علاقوں میں ہر طرف تباہی و بربادی کی نظر آرہی ہے، ٹوٹے گھر، تباہ حال سڑکیں، ڈوبی فصلیں جگہ جگہ المناک مناظر ہیں، اکثر مقامات پر ابھی بھی کئی کئی فٹ پانی موجود ہے جبکہ اس ساری صورتحال میں متاثرین بے بس نظر آتے ہیں، سیلاب متاثرہ علاقوں میں تعفن اور وبائی امراض پھوٹ پڑے ہیں جبکہ ادویات بھی ناپید ہو چکی ہیں۔
دوسری جانب ملک بھر میں سيلاب کى تباہ کاريوں سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 22 افراد جان کی بازی ہار گئے، جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1508 جبکہ زخمیوں کی تعداد 12 ہزار 758 تک پہنچ گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں مزید 13، سندھ میں 8 جبکہ خیبر پختونخوامیں 1 شخص سیلاب سے جاں بحق ہوا ہے۔
ملک بھر میں مزید 36 ہزار 547 گھروں کو بھی نقصان پہنچا جسکے بعد متاثر گھروں کی مجموعی تعداد 18 لاکھ 17 ہزار 550 ہوگئی ہے۔
این ڈی ایم اے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 390 پل اور 12 ہزار 718 کلومیٹر سڑکوں کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ 9 لاکھ 27 ہزار 543 مويشی بھی سیلابی ریلوں میں بہہ گئے ہیں۔