لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے نجی شعبے کے تعاون سے دیہات وانڈسٹریزکو گیس کی فراہمی کے پراجیکٹ کی اصولی منظوری دیدی، چوہدری پرویزالہی کا کہنا ہے کہ گرین فیول کے فروغ سے ماحولیاتی آلودگی کاخاتمہ ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت ایوان وزیراعلی میں اجلاس ہوا جس میں سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندر، سیکرٹری انرجی،ایل این جی ایزی پرائیویٹ کے چیف آپریٹنگ آفیسربریگیڈئیر (ر) عمر اعجاز،جی ایم آپریشنز فہدحمیداورمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں اصولی طورپر پرفیصلہ کیا گیا کہ ایل این جی ایزی پرائیویٹ لمیٹڈ پنجاب کے دیہات اور انڈسٹریز کو گیس فراہم کرے گی۔
وزیراعلیٰ چوہدری پرویزالہی کا کہنا تھا کہ رورل گیسی فکیشن پروگرام میں حکومت پنجاب ایل این جی ایزی پرائیویٹ کی معاونت کرے گی، دیہات میں نجی شعبے کے تعاون سے گیس کی فراہمی سے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگا، عوام کو ماحول دوست گرین فیول فراہم کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔
سی ای او ایل این جی ایزی پرائیویٹ میاں یاسر حامد کا اس موقع پر کہنا تھا کہ دیہات میں گیس کی فراہمی سے درختوں کی کٹائی اورلکڑیاں جلانے کا سدباب ہوگا، کوکنگ کے دوران ایل این جی کے استعمال سے خواتین کی صحت پر مضر صحت اثرات نہیں ہوں گے، ایل این جی گیس گرڈ کے ذریعے گھروں میں کوکنگ کیلئے گیس میسر ہوگی۔