اسحاق ڈار تجربہ کار، ان کے آتے ہی ڈالر نیچے آ جائے گا: حنیف عباسی

Published On 25 September,2022 03:07 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار تجربہ کار ہیں، آتے ہیں تو ڈالر نیچے آ جائے گا، تمام جنرلز محب الوطن ہیں تعیناتی وزیراعظم کا اختیار ہے، جو بھی آئے گا مملکتِ خداداد پاکستان کے لئے جان دے گا، شیخ رشید کے پاوں قبر میں ہیں سوشل میڈیا پر باتیں کرنا آسان ہے۔

سیلاب زدگان کی امداد کے لئے پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے متاثرین کے لیے ون بلینکٹ موومنٹ کا آغاز کردیا گیا، پانچ ہزار بلینکٹس و لحافوں کی پہلی کھیپ بلوچستان کےمتاثرین کے لیے روانہ کردی گئی۔

امدادی سامان کی روانگی کے موقع پر لیگی رہنما حنیف عباسی نے کہا کہ ون بلینکٹ موومنٹ کے لیے 40 ہزار کمبل و لحاف اکھٹے کرلئے گئے ہیں ٹارگٹ ایک لاکھ کا ہے جو روزانہ پانچ ہزار کے حساب سے بلوچستان، سندھ ، کے پی کے متاثرین کے لئے روانہ کی جائیں گی۔

لیگی رہنما حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف سیلاب متاثرین کے لیے فکر مند ہیں، مہنگائی و حالات کے باوجود راولپنڈی کے تاجروں نے بہت تعاون کیا ،مہنگائی سے کوئی انکار نہیں پرائز انڈکس اوپر ہے اسحاق ڈار آ رھے ہیں، تجربہ کار ہیں ڈالر اسحاق ڈار کو دیکھ کر نیچے آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سیلاب کی وجہ سے لاکھوں لوگ بے گھر ہیں انکی آباد کاری ہونا ہے، پارلیمنٹ کو ڈیڑھ سال تک توسیع ملنی چاہئے،الیکشن 2024 میں ہونے چاہئیں تاکہ سیلاب زدگان کو آباد کیا جاسکے آرمی چیف کی تعیناتی وزیراعظم کی صوابدید ہے، تمام فوج تمام جنرل محب وطن ہیں۔
 

Advertisement