خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ کا یوم ولادت آج انتہائی مذہبی عقیدت سے منایا جائے گا

Published On 08 October,2022 11:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیؐ کا یوم ولادت آج اتوار کو انتہائی مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا، جشن عید میلادالنبیؐ کے موقع پر وزارت مذہبی امور نے دو روزہ بین الاقوامی سیرت النبیؐ کانفرنس کا اہتمام کیا ہے جس کا آغاز ہفتہ کو ہو گیا ہے، رواں سال کانفرنس کا موضوع ”معاشرے کی اخلاقیات کی اصلاح اور تربیت سیرت طیبہ کی روشنی میں ” رکھا گیا ہے ۔

ربیع الاول کا ماہ مبارک تمام مسلمانوں کے لئے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ اس موضوع پر ملک کے نامور اہل علم حضرات 12 ربیع الاول کوبین الاقوامی سیرت النبی ؐکانفرنس میں اپنے خیالات کا اظہار بھی فرمائیں گے اور بتائیں گے کہ کیسے تعلیمات نبویؐ کی روشنی میں ہم اعلی اخلاقی قدروں کو پھر سے معاشرے میں پیدا کرسکتے ہیں۔اس ماہ مبارک میں ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ؐاس دنیا میں تشریف لائے۔

اس سال وزارت مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی کی جانب سے47ویں دو روزہ بین الاقوامی سیرت النبیؐ کانفرنس کا انعقاد اس ماہ مبارک کی اہمیت کو اجاگر کرنے کی ایک کاوش ہے۔

وزارت مذہبی امور کی یہ بھی کوشش ہے کہ ملک کے اندرونی حالات کے پیش نظر مذہبی ہم آہنگی و رواداری ، اخوت و مساوات، احترام انسانیت ، عدم تشدد ، اتحاد واتفاق ،مفاہمتی عمل اور ڈائیلاگ کے کلچر پر مبنی تعلیمات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیا جائے۔

عید میلادالنبیؐ کو شایان شان اور عقیدت و احترام سے منانے کے لئے سرکاری اور نجی سطح پر تیاریوںکا سلسلہ یکم ربیع الاول کے آغاز سے ہی کر دیا گیا ہے،

ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی سرکاری اور نجی سطح پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے اور ان تقریبات کے سلسلے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں حضور نبی پاکؐ کے یوم ولادت کے موقع پر نبی کریمؐ کو بھر پور انداز میں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

قومی سیرت کانفرنس میں ملک کے ممتاز مذہبی سکالرز ، سیاسی قائدین، اراکین پارلیمنٹ، سفارتکار اور دیگر اہم شخصیات شرکت کریں گی۔

صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر سیرت کانفرنسوں اور میلادالنبیؐ کے جلوسوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ رواں سال بھی وزارت مذہبی امور کی طرف سے سرکار دوعالم ۖ کی سیرت طیبہ اور حیات طیبہ کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کرنے کے لئے کتب سیرت ، کتب نعت ، مقالات سیرت اور خواتین کے لئے مذہبی کتب کے مقابلے منعقد کئے گئے ہیں ۔

دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں اور فارن مشنز میں بھی سیرت طیبہ کے مختلف پہلوئوں کو ا جاگر کرنے کے لئے سیرت کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا۔

قومی اور صوبائی سطح پر تمام تعلیمی اداروں میں سیرت النبیؐ کانفرنسز منعقد ہوں گی، اسی طرح سیرت طیبہ کے حوالے سے نعت خوانی اور تقاریر کے مقابلے ہوں گے ۔

بچوں میں سیرت کے حوالے سے ذوق و شوق پیدا کرنے کے لئے سیرت کوئز منعقد ہوں گے اور اس موقع پر ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیہ تقاریب بھی منعقد ہوں گی ۔ نجی سطح پر میلادالنبی ؐکے جلوس نکالے جائیں گے۔

ملک بھر میں سرکاری اور نجی عمارتوں پر چراغاں ہوگا ، گھر ، گلیاں اور بازار سجائے جائیں گے ۔ 12ربیع الاول کو وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں21 ، 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔ آپ ۖ کے یوم ولادت کے موقع پر سکولوں ، کالجوں میں یتیموں ، بیوائوں ، بے گھر افراداور خصوصی افراد میں کھانے اور مٹھائیاں تقسیم کی جائیں گی ۔

ٹی وی چینلز نے بھی اس سلسلے میں اپنے معمول کے پروگراموں کی بجائے حضور نبی پاک ؐ کی تعلیمات کو اجاگر کرنے کے لئے پروگرام ترتیب دیئے ہیں جبکہ اخبارات میں خصوصی ایڈیشن شائع ہوں گے ۔ عیدمیلاد النبی ؐپر ملک بھر میں محافل سماع کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے۔

ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں قصبوں اور دیہات میں عید میلاد النبی کے جلوسوں اور مساجد میں خصوصی محا فل میلاد کی سیکورٹی کے لئے خصوصی انتظامات اور ٹریفک پلانز جاری کئے گئے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف

دوسری طرف 12 ربیع الاول پر قوم کے لیے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حضرت محمد ﷺ نے اپنی ارفع اور پاکیزہ تعلیمات کے ذریعے زندگی کا فطری تصور پیش کیا، بڑائی کی بنیاد اچھے اعمال اور اعلی ٰ اخلاق پر رکھی اور ظلم و ناانصافی کی ہر شکل کو ممنوع قراردیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ میری طرف سے اس نعمتِ عظمٰی کی تشریف آوری پر قوم کو مبارک ہو، یہ اللہ تعالیٰ کا احسانِ عظیم ہو ا کہ اس نے حضور ﷺ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بناکر بھیجا، آپ ﷺ کی تشریف آوری سے دکھیوں کو چین ملا، بے سہاروں کو سہارا ملا، یتیموں اور بیواؤں کو پناہ ملی، غریبوں کو خوداری، غلاموں کو عزت اور امیروں کو سخا نصیب ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی بعثت نے تہذیب کو وقار، ثقافت کو تقدس، علم کو وسعت، فکر کو ندرت، عمل کو طہارت، نفرتوں اور عداوتوں میں سسکتی انسانیت کو اُخوت ومحبت کے تحفے اور انسان کو اپنے خالق تک رسائی کی معرفت نصیب فرمائی، حضور نبی کریم ﷺ کی سیرت مقدسہ تمام انبیا و رسل کی خوبیوں کا جامع ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ آپ ﷺ کے اثر انگیز ارشادات اور اسو حسنہ کا نتیجہ یہ نکلا کہ صدیوں کے دشمن بھائی بھائی بن گئے اور غریبوں اور کمزورں کے سر پر لٹکتی ظلم کی تلوار ٹوٹ گی، جہالت کی جگہ علم وعرفان نے لے لی اور افلاس ومحکومی کے بدلے معاشرے کو غنا اور آزادی نصیب ہوئی۔

Advertisement