آرمی چیف سے کرسچن ٹرنر اور مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل کی ملاقاتیں

Published On 11 October,2022 07:43 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر اور مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم عیسیٰ نے ملاقاتیں کیں اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل اور آرگنائزیشن آف مسلم سکالرز کنگڈم آف سعودی عرب کے صدر شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم عیسٰی نے راولپنڈی کے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں سپہ سالار سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ سکیورٹی تعاون اور علاقائی امن و استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان کا مسلم دنیا میں ایک اہم مقام ہے اور وہ خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات بھائی چارے، باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک امن و استحکام اور امت کی بہتری کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے بھی جی ایچ کیو میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان علاقائی امور میں برطانیہ کے متوازن کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم مشترکہ مفادات کی بنیاد پر باہمی فائدہ مند تعلقات کو بڑھانے کے خواہشمند ہیں۔

بیان کے مطابق معزز مہمان نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔

کرسچن ٹرنر نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر تعاون بڑھانے کے لیے اپنا رول ادا کرنے کا عہد کیا۔

 

Advertisement