فرانس کیساتھ مشترکہ مفادات کی بنیاد پر تعلقات بڑھانے کیلئے پُرامید ہیں: آرمی چیف

Published On 01 November,2022 04:05 pm

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان فرانس کے ساتھ مشترکہ مفادات کی بنیاد پر تعلقات کو بڑھانے کے لیے پُر امید ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان میں فرانس کے سفیر مسٹر نکولس گیلی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں سپہ سالار سے ملاقات کی۔

بیان کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ، دفاع، سیکیورٹی تعاون، علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں جانب سے موسم خزاں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

بیان کے مطابق فرانسیسی سفیر نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی اور علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہنے کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔

اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم مشترکہ مفادات کی بنیاد پر طویل مدتی باہمی فائدہ مند تعلقات کو بڑھانے کے لیے پر امید ہیں۔
 

 
Advertisement